سکاٹ لینڈ کے وفد کاپنجاب یونیورسٹی کا دورہ

منگل 15 اپریل 2025 22:06

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 15 اپریل2025ء) رابرٹ گورڈن یونیورسٹی ایبرڈین سکاٹ لینڈ کے تین رکنی وفدنے ڈپٹی وائس چانسلر پروفیسر لین کلبرائیڈ کی سربراہی میں پنجاب یونیورسٹی کا دورہ کیا اور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی سے ان کے آفس میں ملاقات کی۔وفد میں گریز سکول آف آرٹ کے ڈین اور سکاٹ سدرلینڈ سکول آف آرکیٹیکچر اینڈ بلٹ انوائرمنٹ کے قائمقام ڈین ڈاکٹر ڈین ایلن، سکول آف کمپیوٹنگ اینڈ انجینئرنگ ٹیکنالوجی کے ڈین ڈاکٹر جان آئزکس اور رابرٹ گورڈن یونیورسٹی کے کنٹری نمائندے حسن خان شامل تھے۔

اس موقع پر ڈین فیکلٹی آف کمپیوٹنگ اینڈ انفارمیشن ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر شہزاد سرور،ڈائریکٹر ایکسٹرنل لنکجز پروفیسر ڈاکٹر یامینہ سلمان، ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ آف کیمیکل انجینئرنگ اینڈ ٹیکنالوجی پروفیسر ڈاکٹر سید نادر حسین، پرنسپل کالج آف آرٹ اینڈ ڈیزائن پروفیسر ڈاکٹر ثمینہ نسیم، ڈائریکٹر پوسٹ گریجویٹ ریسرچ سینٹر فار کری ایٹو آرٹس ڈاکٹر نائلہ عامر اورشعبہ گرافک ڈیزائن سے پروفیسر ڈاکٹر احمد بلال بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

ملاقات میں فریقین نے طلباء اور فیکلٹی کے تبادلے کے پروگراموں میں ممکنہ تعاون اور باہمی تحقیق کے مواقع پر تبادلہ خیال کیا۔وفد کے شرکاء سے بات چیت کرتے ہوئے وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد علی نے رابرٹ گورڈن یونیورسٹی کے ساتھ شراکت داری کو مضبوط بنانے کے لیے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور اعلیٰ تعلیم میںانٹرنیشنلائزیشن کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے جدید رجحانات کو فروغ دینے کے لیے طلباء اور فیکلٹی کی زیادہ نقل و حرکت کی ضرورت پر زور دیا۔ وفد نے پنجاب یونیورسٹی کے ساتھ تعاون کو بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا اور مستقبل میں مشترکہ اہداف کے حصول کے لیے اپنے تعاون کا یقین دلایا۔