لیبیا میں ایک اور تارکین وطن کی کشتی حادثے کا شکار، 4 پاکستانیوں سمیت 11 لاشیں مل گئیں

منگل 15 اپریل 2025 19:40

طرابلس /اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)لیبیا کے مشرقی ساحل کے قریب تارکین وطن کی ایک اور کشتی حادثے کا شکار ہوگئی جس میں 11 افراد ہلاک ہوگئے، مرنے والوں میں 4 پاکستانی شہری بھی شامل ہیں۔وفاقی تحقیقاتی ادارے (ایف آئی ای) کے ذرائع نے بتایا ہے کہ کشتی کو حادثہ 12 اور 13 اپریل کی درمیانی شب لیبیا کے شہر سرت کے نزدیک حراوہ کے ساحل کے قریب پیش آیا۔

ایف آئی اے کے ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی وزارتِ خارجہ کو بھیجی گئی رپورٹ کے مطابق کشتی لیبیا سے تارکین وطن کو لے کر یونان جا رہی تھی، حادثے میں ہلاک ہونے والے 11 افراد کی لاشیں نکال لی گئی ہیں۔تحقیقاتی ایجنسی کے ذرائع نے کہا کہ مرنے والوں میں 4 پاکستانی بھی شامل ہیں، جن میں سے 3 منڈی بہاؤالدین کے رہائشی ہیں اور ایک کا تعلق گوجرانوالہ سے ہے۔

(جاری ہے)

ذرائع نے بتایا کہ پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم نے لیبیا کے شہر سرت کا دورہ کیا، جہاں انہوں نے ہلاک ہونے والوں میں سے 4 پاکستانیوں کی شناخت کی تصدیق کی۔حادثے سے متعلق مزید تفصیلات حاصل کرنے کے لیے پاکستان کے سفارتی حکام لیبیا میں مقامی حکام سے رابطے میں ہے۔لیبیا کے حکام کے مطابق باقی افراد کی تلاش کے لیے سرچ آپریشن جاری ہے جس میں مزید لاشیں ملنے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔

پاکستانیوں کی فہرست میں زاہد محمود، ولد لیاقت علی (گوجرانوالہ)،سمیر علی، ولد راجا عبد القدیر (منڈی بہاالدین)،سید علی حسین، ولد شفقت الحسینین (منڈی بہاالدین)،آصف علی، ولد نظر محمد (منڈی بہاالدین) شامل ہیں دوسری جانب، ان 4 پاکستانیوں کے علاوہ دیگر 5 لاشیں مصری شہریوں کی تھی تاہم 2 مزید لاشوں کی شناخت نہیں ہو سکی۔