اپریزمنٹ کو مقامی پورٹس کی بجائے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ نا قابل قبول ہے‘زین افتخار چوہدری،ایس ایم تنویر

حکومت فیس لیس سسٹم کو چلائیں مگر کسٹم اپریزمنٹ بھی کراچی کی بجائے مقامی پورٹس پر کی جائے‘ پریس کانفرنس

منگل 15 اپریل 2025 20:15

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اپریل2025ء)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چیئرمین و نائب صدر زین افتخار چوہدری،یوبی جی کے سر پرست اعلی ایس ایم تنویر،نائب صدر ذکی اعجاز،کسٹم ایجنٹس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمین امجد چوہدری نے ایف پی سی سی آئی ریجنل آفس لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہ اپریزمنٹ کو مقامی پورٹس کی بجائے کراچی منتقل کرنے کا فیصلہ نا قابل قبول ہے۔

حکومت فیس لیس سسٹم کو چلائیں مگر کسٹم اپریزمنٹ بھی کراچی کی بجائے مقامی پورٹس پر کی جائے۔انہوں نے مزید کہا کہ اپریزمنٹ کو کراچی شفٹ کرنے پر کسٹم میں تاخیر سے کاروباری برادری کے لیے ڈیمریجز اور ڈیٹینشن چارجز بڑھ جاتے ہیں جو کاروبار کے لئے بہت بڑا نقصان ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہاکہ کنسائنمنٹ کو کلیئر کروانے میں 2 سے تین دن لگتے تھے اب 15سی20دن لگ رہے ہیں۔

سمجھ سے بالا تر ہے کہ تاخیری حربے کیوں استعمال کئے جا رہے ہیں۔بزنس کمیونٹی کے جائز مسئلے بتا رہے ہیں ان کو فوری حل کیا جائے۔انہوں نے کہاکہ بزنس کمیونٹی چاہتی ہے کہ حکومت کے ریونیو میں اضافہ ہو۔غلط پالیسز کی وجہ سے لاہور کی چار پورٹس خالی پڑی ہوئی ہیں۔انہوں نے مزید کہاکہ حکومت سرکلرروڑ مارکیٹ کی تاجر برادری کے ساتھ بیٹھ کر سرکلر روڑکے مسئلے کو حل کیا جائے۔

سرکلرروڑ مارکیٹ کو ختم کرنے سے 70ہزار خاندان بے روزگار ہو جائیں گے۔حکومت پہلے ان کے لئے نئی جگہ پر کاروبار کا انتظام کریں اور بزنس کمیونٹی کو اعتماد میں لے کر فیصلے کئے جائیں۔تقریب میں آل پاکستان کسٹمز ایجنٹس ایسوسی ایشن،سولر ایسوسی ایشن،پاسپیڈا،الیکٹرونکس گڈز امپورٹز ایسوسی ایشن سمیت ممبران کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔