الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں بڑی کمی، 45.55 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 23.57 روپے فی یونٹ مقرر

نیپرا نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی وفاقی حکومت کی درخواست منظور کرلی، صارفین کو 21.98 روپے فی یونٹ کی بڑی ریلیف فراہم کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 اپریل 2025 11:24

الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں بڑی کمی، 45.55 روپے فی یونٹ ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل 2025)نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھاڑی (نیپرا) نے الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ اسٹیشنز کے ٹیرف میں بڑی کمی کردی، اعلامیے کے مطابق الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کیلئے بنیادی ٹیرف 45.55 روپے فی یونٹ سے کم کرکے 23.57 روپے فی یونٹ مقرر کر دیا گیا ہے،الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ سٹیشنز کے ٹیرف میں کمی کی وفاقی حکومت کی درخواست منظور ہوگئی جس کے بعد نیپرا نے فیصلہ جاری کر دیا۔

صارفین کو 21.98 روپے فی یونٹ کی بڑی ریلیف فراہم کی گئی ہے۔نیپرا کے فیصلے میں کہا گیا ہے کہ گاڑیوں کے الیکٹرک چارجنگ اسٹیشنز کے بنیادی ٹیرف میں 21.98 روپے فی یونٹ کمی کی گئی ہے۔چارجنگ اسٹیشنز پر لاگو 24.44 روپے فی یونٹ کیپڈ مارجن کو بھی ختم کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے جس کے بعد مارجن کا تعین اب مارکیٹ کی بنیاد پر کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

نیپرا کے مطابق یہ اقدام حکومت کی جانب سے الیکٹرک گاڑیوں کے فروغ اور گرین انرجی کی حوصلہ افزائی کیلئے کیا گیا ہے۔

نیپرا کا یہ بھی کہنا ہے کہ حکومتی درخواست کے مطابق مارجن کا تعین مارکیٹ پر چھوڑ دیا گیا ہے۔وفاقی حکومت نے اس حوالے سے باضابطہ درخواست نیپرا میں جمع کرائی تھی جس کا مقصد چارجنگ انفراسٹرکچر کی لاگت میں کمی اور صارفین کو سستی سہولیات فراہم کرنا تھا۔واضح رہے کہ اس سے قبل بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے مزید 11 آئی پی پیز تیار ہوگئے تھے۔ بجلی کی پیداوار کے ٹیرف میں کمی کیلئے حمزہ شوگر ملز سمیت 9 بیگاس پاور پلانٹس نے بھی نیپرا میں درخواست جمع کروا دی تھی۔

نیپرا بیگاس پاور پلانٹس کی درخواست پر 16 اپریل کو سماعت کرے گا۔نیپرا میں جمع کرائی گئی درخواست انڈیپنڈنٹ پاور پروڈیوسرز (آئی پی پیز) اور سینٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) کی مشترکہ ہے جس میں بجلی ٹیرف میں کمی کیلئے درخواست دی گئی ہے۔ بیگاس پاور پلانٹس نے اوپن مارکیٹ میں بجلی فروخت کرنے کی بھی درخواست دی تھی۔نیپرا میں درخواست بیگاس پرچلنے والے 9 پاور پلانٹس اور 2002 کی پاور پالیسی کے تحت لگنے والے 2 آئی پی پیز نے دائر کی تھیں۔

درخواست گزاروں میں چنیوٹ پاور، جے ڈی ڈبلیو ملز یونٹ ٹو، یونٹ تھری، المعیز انڈسٹریز، چنار انرجی، تھل انڈسٹریز، حمزہ شوگر ملز، آر وائی کے ملز اور شاہ تاج شوگر ملز شامل تھے جنہوں نے بجلی کی پیداور میں منافع کم کرکے 17 فیصد پر فکس کرنے کی درخواست دی گئی تھی جبکہ مرمت اور آپریشن لاگت میں 10 فی صد کمی کی درخواست دی گئی تھی۔ انشورنش فیس میں بھی 0.7 فی صد کمی کی درخواست دی گئی تھی۔نیپرا کی سماعت میں بیگاس پاور پلانٹس کے ٹیرف فیول کاسٹ کمپونینٹ کاجائزہ لیاجائےگا۔