اسلام آباد میں غیرملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد کا حملہ، چند گرفتار

ڈنڈوں سے لیس چند افراد توڑ پھوڑ کی نیت سے پہنچے، بروقت کارروائی کرکے ریسٹورنٹ کو نقصان سے بچالیا گیا؛ پولیس

Sajid Ali ساجد علی بدھ 16 اپریل 2025 11:28

اسلام آباد میں غیرملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد کا حملہ، ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 16 اپریل 2025ء ) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں غیرملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر مشتعل افراد نے حملہ کردیا جن میں سے چند افراد کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق اسلام آباد کے سیکٹر ای الیون میں غیر ملکی فوڈ چین کے ریسٹورینٹ پر حملہ کردیا، جس کی اطلاع ملتے ہی پولیس نے بروقت کارروائی کرکے ریسٹورنٹ کو نقصان سے بچالیا اور 4 حملہ آوروں کو گرفتار کرلیا، پولیس حکام نے بتایا کہ سیکٹر ای الیون میں ڈنڈوں سے لیس چند افراد توڑ پھوڑ کی نیت سے پہنچے، جن کے خلاف بروقت کارروائی کرتے ہوئے ریسٹورنٹ کونقصان سے بچالیا گیا جب کہ راول پنڈی تھانہ کینٹ کے علاقے میں غیرملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر حملے میں ملوث 10 ملزمان کو بھی گرفتار کرلیا گیا، فوڈ چین پر حملے کے دوران عملے کو ہراساں کرتے ہوئے فیملیز کو بھی تنگ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

قبل ازیں صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی سمیت تین شہروں میں غیر ملکی فوڈ چین کے آؤٹ لیٹس پر حملے ہوئے جہاں مشتعل افراد نے پتھراؤ کرتے ہوئے شیشے توڑ دیئے، شہر قائد کے علاقہ گڈاپ میں غیر ملکی فوڈ چین شاپ پر مشتعل افراد نے حملہ کیا، تاہم پولیس کی بھاری نفری نے مشتعل افراد پر لاٹھی چارج کرکے مظاہرین کو منتشر کر دیا۔ ایس ایس پی ملیر کے ترجمان نے بتایا کہ متعدد افراد فوڈ شاپ پراحتجاج کے لیے آئے، پولیس سٹیشن ساتھ ہی ہونے کے باعث اہلکار بروقت پہنچے اور بروقت کارروائی کرکے 9 افراد کو حراست میں لے لیا، جس کے نتیجے میں گڈاپ میں غیرملکی فوڈ چین فرنچائز پر شرپسندوں کے حملے کی کوشش کو ناکام بنا دیا گیا، اس سلسلے میں ایس ایس پی ملیر کاشف آفتاب کی زیر نگرانی آپریشن کیا گیا اور مشتعل افراد کی سپر ہائی وے روڈ بلاک کرنے کی کوشش بھی ناکام بنادی گئی۔

اسی طرح کراچی کے پوش علاقے ڈیفنس خیابان اتحاد میں واقع غیرملکی فوڈ چین پر مشتعل افراد نے حملہ کیا جہاں درجنوں مشتعل افراد نے غیرملکی فوڈ چین کے ریسٹورنٹ پر پتھراؤ کیا اور نعرے بازی کی، اس دوران مشتعل افراد نے فوڈ شاپ کے باہر گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچایا، ایس ایس پی ساؤتھ نے بتایا کہ مشتعل افراد نے فوڈشاپ میں توڑ پھوڑ کی اور گیٹ کا شیشہ توڑ دیا، اطلاع ملنے پر پولیس موقع پر پہنچی اور توڑ پھوڑ میں ملوث متعدد افراد کو حراست میں لے لیا، ایک شخص کو ہتھوڑے سمیت حراست میں لیا گیا اور پولیس کی اضافی نفری تعینات کر دی گئی۔

علاوہ ازیں لاڑکانہ میں بھی لاٹھی بردار مظاہرین نے نجی فوڈ چین فرنچائز پر اچانک پتھراؤ کرتے ہوئے شیشے توڑ دیئے، مظاہرین کے پتھراؤ کے بعد فوڈ چین فرنچائز کی جانب سے کاروباری سرگرمیاں معطل کردی گئیں، علاقہ ایس ایس پی نے کہا کہ ملک میں چند مقامات پر بیرون ملک کی فوڈ چین فرنچائز کو نشانہ بنانے کے واقعات سامنے آئے ہیں، ہمیں اندازہ تھا جس بنا پر پولیس فوری ریسپانس کے لیے پہلے ہی سے تیار تھی۔