لبنان میں اسرائیلی حملہ،اقوام متحدہ کا تشویش کا اظہار

لبنان میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں کم از کم 71 شہری مارے جا چکے ہیں،ترجمان

بدھ 16 اپریل 2025 11:52

اقوام متحدہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے ہائی کمشنر کے دفتر نے لبنان میں شہریوں کے تحفظ کے بارے میں تشویش کا اظہار کیا۔ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ جنگ بندی کے بعد سے اسرائیلی فوجی کارروائیوں کے نتیجے میں شہریوں کی ہلاکتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔

(جاری ہے)

اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے ترجمان ثمین الخیطان نے آج جنیوا میں صحافیوں کو بتایاکہ "لبنان میں اسرائیلی فوجی کارروائیوں میں شہریوں کی ہلاکت اور زخمی ہونے اور شہری بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے کا سلسلہ جاری ہے، جس سے شہریوں کے تحفظ کے بارے میں خدشات بڑھ رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ جنگ بندی کے نفاذ کے بعد سے لبنان میں اسرائیلی فوج کے ہاتھوں کم از کم 71 شہری مارے جا چکے ہیں۔ جاں بحق ہونے والوں میں 14 خواتین اور 9 بچے شامل ہیں۔قابل ذکر ہے کہ 27 نومبر 2024 کو امریکی اور فرانسیسی سرپرستی میں اسرائیل اور لبنانی حکام کے درمیان جنگ بندی کے معاہدے پر دستخط کے بعد سے اسرائیلی فوج نے حزب اللہ کے ٹھکانوں کو نشانہ بنانے کا دعوی کرتے ہوئے لبنان میں متعدد مقامات پر چھاپے مارے ہیں۔