ملک کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے، شہریوں میں خوف و ہراس

زلزلے کے باعث متعدد علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے

بدھ 16 اپریل 2025 15:36

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)پنجاب، خیبرپختونخوا اور آزاد کشمیر میں زمین زلزلے سے لرز اٹھی، صبح سویرے زلزلے کے باعث متعدد علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔ تفصیلات کے مطابق صبح سویرے اسلام آباد، لاہور، پشاور، راولپنڈی، گجرات، ٹیکسلا ،واہ کینٹ ، ظفروال،سرائے عالمگیر میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، مالاکنڈ، نوشہرہ، شانگلہ، چترال، لنڈی کوتل، مانسہرہ، سوات، نوشہرہ میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

(جاری ہے)

ایبٹ آباد، مردان ، ہری پور میں بھی زلزلے کے جھٹکے آئے، آزاد کشمیر میں بھمبر سماہنی اور گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے، زلزلہ پیما مرکز کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 5اعشاریہ3ریکارڈ کی گئی، زلزلے کی گہرائی121کلو میٹر، مرکز ہندوکش افغانستان ریجن تھا۔زلزلے کے باعث متعدد علاقوں میں لوگ خوفزدہ ہو کر گھروں سے باہر نکل آئے۔حکام کے مطابق تاحال کسی قسم کے جانی یا مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوئی ہے۔عالمی زلزلہ پیما مرکز نے بتایا کہ افغانستان میں زلزلے کی شدت5اعشاریہ 6ریکارڈ کی گئی، زلزلے کے جھٹکے ازبکستان اور تاجکستان میں بھی محسوس کئے گئے۔