Live Updates

تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں سب کمپرومائزڈ ہیں.محمودخان

مجھے بھی آفر ہوئی تھی، لیکن میں عمران خان کے ساتھ غداری نہیں کرسکتا تھا.سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا کی صحافیوں سے گفتگو

Mian Nadeem میاں محمد ندیم بدھ 16 اپریل 2025 15:12

تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں سب کمپرومائزڈ ہیں.محمودخان
پشاور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔16 اپریل ۔2025 )سابق وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی موجودہ قیادت پر سمجھوتہ کرنے اور عمران خان سے غداری کا الزام لگا تے ہوئے دعوی کیا ہے کہ خیبرپختونخوا میں جو فلم چل رہی ہے، اس کے لیے مجھے بھی آفر ہوئی تھی، لیکن میں عمران خان کے ساتھ غداری نہیں کرسکتا تھا.

پشاور میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پارلیمینٹرین) اور سابق وزیر اعلیٰ محمود خان نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کی موجودہ قیادت میں سب کمپرومائزڈ ہیں، میں یہ نہیں کرسکتا تھا، میں نے تحریک انصاف عمران خان ، مراد سعید اور اپنی عزت کی خاطر چھوڑی ہے.

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پارٹی چھوڑنے کا فیصلہ عمران خان اور پی ٹی آئی کے مفاد میں کیا تھا، حالات کچھ ایسے بنے تھے کہ سب کو معلوم ہے، یہ نہیں کرسکتا تھا کہ پارٹی کے اندر ہوتا اور عمران خان کو دھوکا دیتا، اسی لیے پارٹی چھوڑنی پڑگئی محمود خان نے کہا کہ عمران خان نے سیاست سکھائی، آج بھی ان کی عزت کرتا ہوں، نون لیگ اور پی پی پی سے بھی شمولیت کی دعوتیں ملی تھیں، عمران خان کے پیچھے باتیں کرنے کا سوچ بھی نہیں سکتا، میرے حجرے میں آج بھی عمران خان کی تصویریں آویزاں ہیں، مجھے اقتدار کی بھوک ہوتی توآج وفاقی وزیر ہوتا لیکن پیشکش مسترد کی ہے.

انہوں نے کہاکہ 2010 میں تحریک انصاف میں شمولیت اختیار کی سوات میں پی ٹی آئی میں نے بنائی، میری پہچان صرف پی ٹی آئی سے نہیں، پہلے سے ایک سیاسی بیک گراﺅنڈ رکھتا ہوں سابق وزیراعلیٰ نے دعوی کیا کہ میں میرٹ پر چیف منسٹر بنا تھا، عمران خان کا شکر گزار ہوں کہ مالاکنڈ کے تمام فیصلے میری مشاورت سے مشروط ہوتے تھے، تحریک انصاف کے لیے بہت قربانیاں دی ہیں بعض باتیں میڈیا پر بتا نہیں سکتا.
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات