سرگودھا یونیورسٹی نے تحقیق کے میدان میں ایچ ای سی کی جانب سے ریسرچ پروڈکٹیویٹی رینکنگ میں119 فیصد اضافہ کیا ہے،وائس چانسلر

بدھ 16 اپریل 2025 17:35

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اپریل2025ء) سرگودھا یونیورسٹی نے تحقیق کے میدان میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہائرایجوکیشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین ریسرچ پروڈکٹیویٹی رینکنگ میں محض ایک سال کے اندر اپنی پوزیشن میں 119 فیصد اضافہ کیا ہے، جس کے نتیجے میں یونیورسٹی کو ملک کی ممتاز ایکس کٹیگری ریسرچ یونیورسٹیوں میں شامل کر لیا گیا ہے۔

وائس چانسلر سرگودہا یونیورسٹی پروفیسر ڈاکٹر قیصر عباس نے اس فقید المثال کامیابی کا حصول یقینی بنانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات پر بات کرتے ہوئے کہا کہ ہماری کوشش تھی کہ سرگودہا یونیورسٹی کو روایتی تعلیم سے نکال کر تحقیق اور علم کی عالمی سطح پر پہچان دلائی جائے، ہم نے تحقیق کو تعلیمی، سماجی اور پالیسی سطح پر مؤثر بنانے کے لیے ہمہ جہت اقدامات کیے ہیں۔

(جاری ہے)

تحقیق پر مبنی تعلیمی ماڈل کی طرف منتقلی نے یونیورسٹی کو نہ صرف قومی ترقی کے تقاضوں سے ہم آہنگ کیا بلکہ عالمی تعلیمی معیار سے ہم قدم ہونے کا موقع بھی فراہم کیا۔ وائس چانسلر نے مزیدکہا کہ سرگودہا یونیورسٹی کا ایکس کیٹیگری ریسرچ یونیورسٹیوں میں شامل ہونا ہماری پالیسیوں کی کامیابی کا ثبوت ہے اور اس کامیابی سے ظاہر ہوتا ہے کہ یونیورسٹی اب تدریسی ادارے سے تحقیقی مرکز میں ڈھل رہی ہے۔

وائس چانسلر نے ا س فقید المثال کامیابی پر ڈائریکٹر اورک سمیت تعلیمی و انتظامی شعبہ جات کے صدور، فیکلٹی ممبران اور ملازمین کو مبارک باد پیش کی۔ ڈائریکٹر اورک پروفیسر ڈاکٹر احمد رضا بلال نے اس کامیابی کو تحقیقی ماحول کی بہتری، فیکلٹی کی تربیت اور ریسرچ سکالرز کی رہنمائی کا ثمر قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ یہ کامیابی تحقیق کے فروغ، بین الاقوامی روابط اور معیار پر سمجھوتہ نہ کرنے کی پالیسی کا نتیجہ ہے۔

یہ کامیابی تحقیق کے میدان میں ایک مشترکہ عزم اور مستقل مزاجی کا مظہر ہے۔یونیورسٹی کی اس پیش رفت نے نہ صرف ادارے کی ساکھ کو مضبوط کیا ہے بلکہ پاکستان کی تحقیق پر مبنی جامعات کی صف میں ایک نئی روح پھونکی ہے۔انہوں نے مزید کہا کہ سرگودھا یونیورسٹی کی یہ پیش رفت پاکستان کے اعلیٰ تعلیمی نظام میں ایک اہم سنگِ میل کے طور پر دیکھی جا رہی ہے جو مستقبل میں تحقیقاتی اداروں کے لیے نئی راہیں کھول سکتی ہے۔

متعلقہ عنوان :