اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کا ٹرانسفر ججز کے خلاف درخواست واپس لینے کا فیصلہ

بدھ 16 اپریل 2025 18:54

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اپریل2025ء)اسلام آباد ہائی کورٹ بارایسوسی ایشن کی جانب سے ٹرانسفر ججز کے خلاف درخواست واپس لینے کا فیصلہ کیا گیاہے۔امکان ہے کہ آج جمعرات کوباضابطہ درخواست دائرکردی جائیگی۔ اسلام آباد ہائی کورٹ بار نے ٹرانسفر ججز کے خلاف سپریم کورٹ میں دائر آئینی درخواست واپس لینے کا فیصلہ کرلیا ہے ا ور اس سلسلے میں آئینی پٹیشن واپس لینے کے لیے اتھارٹی لیٹر بھی جاری کر دیا ہے۔

ہائی کورٹ بار نے ایڈووکیٹ آن ریکارڈ انیس محمد شہزاد کو آئینی درخواست واپس لینے کا اختیار دے دیا۔ بار کے صدر واجد گیلانی اور سیکرٹری منظور ججہ کے دستخط سے اتھارٹی لیٹر جاری کر دیا گیا۔واضح رہے کہ اسلام آباد ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کی سابق کابینہ نے آئینی درخواست دائر کی تھی۔

(جاری ہے)

اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے سابق صدر رفعت علی آزاد نے اپنی مدت ختم ہونے سے قبل سپریم کورٹ میں درخواست دائر کی تھی، تاہم بار کے صدر سید واجد علی شاہ گیلانی کی قیادت میں موجودہ نمائندوں کو مبینہ طور پر ’ملاقات کے منٹس یا قراردادوں جیسے کوئی باضابطہ ریکارڈ‘ نہیں ملے، جس میں رفعت آزاد کو ایسوسی ایشن کی طرف سے درخواست دائر کرنے کا اختیار دیا گیا ہو۔

سابق صدر کی جانب سے معروف وکیل فیصل صدیقی کو وکیل مقرر کرنے کے باوجود بار کی موجودہ قیادت نے اس کیس میں کسی قانونی نمائندگی کی اجازت نہیں دی۔اس سے قبل اسلام آباد ہائی کورٹ بار کے صدر سید واجد علی شاہ گیلانی نے کہا تھا کہ قانونی چارہ جوئی میں حصہ لینے کا فیصلہ ایگزیکٹو باڈی کے باضابطہ اجلاس کے بعد کیا جائے گا، تاہم نہ تو ایسا کوئی اجلاس ہوا اور نہ ہی کوئی قرارداد منظور کی گئی، عام طور پر بار کے اجلاسوں کا ایجنڈا پبلک کیا جاتا ہے۔