Live Updates

جیل حکام نے عمران خان کا میڈیکل چیک اپ اور بیٹوں سے بات کرانے سے انکار کر دیا ہے، وکیل بانی پی ٹی آئی

میرے موکل کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے اور جیل حکام عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے گریز کر رہے ہیں، ہم نے سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت سے دوبارہ رجوع کیا ہے،خالد یوسف کی گفتگو

Faisal Alvi فیصل علوی بدھ 16 اپریل 2025 16:56

جیل حکام نے عمران خان کا میڈیکل چیک اپ اور بیٹوں سے بات کرانے سے انکار ..
اسلام آباد(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔16اپریل 2025)بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف نے کہاہے کہ اڈیالہ جیل کے حکام نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کا میڈیکل چیک اپ اور بیٹوں سے بات کرانے سے انکار کر دیا ہے ،میرے موکل کے ساتھ امتیازی سلوک کیا جا رہا ہے اور جیل حکام عدالتی احکامات پر عمل درآمد سے گریز کر رہے ہیں،آج نیوز سے گفتگو کرتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کے وکیل کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کو قانونی اور انسانی حقوق سے محروم رکھا جا رہا ہے جو کہ قانون کے منافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم نے سپیشل جج سینٹرل اسلام آباد کی عدالت سے دوبارہ رجوع کیا ہے تاکہ عدالتی احکامات پر عملدرآمد یقینی بنایا جا سکے۔اس موقع پر بانی پی ٹی آئی کے وکیل خالد یوسف نے مطالبہ کیا کہ عدالتی احکامات کی فوری تعمیل کی جائے اور ان کے موکل کو بنیادی سہولیات فراہم کی جائیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز بھی ویڈیو لنک کے ذریعے عمران خان کو پیش کرنے کے حکم دینے کے باوجود جیل حکام نے عدالتی حکم کے باوجود بانی پی ٹی آئی کو پیش نہیں کیاتھا۔

اسلام آباد کی عدالت میں بانی پی ٹی آئی عمران خان اور ان کی اہلیہ بشریٰ بی بی کے خلاف جعلی رسیدوں کے کیس میں ضمانت کی درخواستوں پر سماعت سیشن جج افضل مجوکانے کی تھی۔خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد کی عدالت نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی 2 درخواستیں منظور کرتے ہوئے ان کی اپنے بچوں سے بات کرانے اور ان کا میڈیکل چیک اپ کروانے کا حکم دیاتھا۔

سپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے شاہ رخ ارجمند نے محفوظ فیصلہ سناتے ہوئے بانی پی ٹی آئی کی بچوں سے بات اور میڈیکل چیک کروانے کی درخواستیں منظور کر لیں تھیں۔عدالت نے حکم دیتے ہوئے عملدرآمد کی رپورٹ 28 اپریل کو جمع کروانے کی بھی ہدایت کی تھی۔سپیشل جج سینٹرل ایف آئی اے اسلام آباد نے بانی پی ٹی آئی کی جانب سے دو متفرق درخواستوں پر سماعت کی تھی اس دوران بانی پی ٹی آئی کی جانب سے عثمان ریاض گل اور ظہیر عباس عدالت میں پیش ہوئے تھے۔ وکیل ظہیر عباس نے موقف اپنایاتھا کہ اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم کی روشنی میں پہلے بھی چیک اپ ہو چکا تھا۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات