وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کیلئے 15ارب روپے کے گندم سپورٹ فنڈ کی منظوری دے دی

گندم کے ساڑھے 5 لاکھ کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ فنانشل سپورٹ دی جائیگی، آبیانہ اور فکس ٹیکس میں بھی چھوٹ کا اعلان

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ بدھ 16 اپریل 2025 19:09

وزیراعلیٰ پنجاب نے کاشتکاروں کیلئے 15ارب روپے کے گندم سپورٹ فنڈ کی منظوری ..
لاہور ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 16 اپریل 2025ء ) وزیراعلیٰ پنجاب مریم نوازشریف نے پنجاب میں گندم کے کاشتکا روں کے لئے صوبے کی تاریخ کا پہلا منفرد، بہترین اور بے مثال پیکج کا اعلان کر دیا ہے۔ گندم کے ساڑھے پانچ لاکھ کاشتکاروں کو براہ راست گندم سپورٹ فنڈکے تحت 15ارب روپے کے فنڈز کی منظوری دے دی گئی ہے۔ گندم کے کاشتکاروں کو کسان کارڈ کے ذریعے ڈائریکٹ فنانشل سپورٹ دی جائے گی۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے رواں سال گندم کے کاشتکاروں کے لئے آبیانہ /  فکس ٹیکس میں چھوٹ کا بھی اعلان کیا۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف کے پیکج کے تحت گندم کو موسمی اثرات اورکسانوں کومارکیٹ کے دباؤ سے محفوظ رکھنے کے لئے چار ماہ مفت سٹوریج کی سہولت مہیا کی جائے گی۔ صوبے میں ای ڈبلیو آر (EWR) (الیکٹرانک وئیر ہاؤسنگ ریسیٹ) سسٹم کے نفاذ کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

(جاری ہے)

ای ڈبلیو آر (EWR) سسٹم کے تحت گندم سٹور کرنے والے کاشتکاروں کو الیکٹرانک چٹ/رسید ملے گی۔ 24 گھنٹے کے اندر چیک کی مانند یہ چٹ / رسیدبینک کو دے کر ٹوٹل لاگت کا 70فیصد تک قرض لیا جا سکے گا۔ گندم خریداری کے لئے فلور ملز اور گرین لائسنس ہولڈرز کو 100ارب روپے تک بنک آف پنجاب سے حاصل کردہ قرضوں کا مارک اپ ادا کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے اور فلور مل اور گرین لائسنس ہولڈرز کوگندم کی فوری اور لازمی خریداری اور سٹوریج کی مجموعی کیپسٹی کے 25فیصد تک لازمی گندم سٹور رکھنے کے لئے فوری طور پرکابینہ سے منظوری لینے کا بھی فیصلہ کر لیا گیا ہے۔

گندم اور گندم سے تیار شدہ اشیاء کی ایکسپورٹ کے لئے وفاقی حکومت سے رابطہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ پرائیویٹ سیکٹر کو گندم سٹوریج کے لئے ویئر ہاؤس کی بحالی اور تعمیر کے لئے بنک آف پنجاب فنانسنگ کرے گا۔ گندم کے کاشتکاروں کو سٹوریج کی سہولت مہیا کرنے کے لئے پانچ ارب روپے کا مارک اپ حکومت پنجاب ادا کرے گی۔ صوبائی اور ضلعی سرحدوں پر گندم اور آٹا کی نقل وحمل پر پابندی ختم کر دی گئی ہے۔ وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے عزم کا اظہار کیا ہے کہ کسان کا نقصان نہیں ہونے دوں گی۔ وزیراعلیٰ مریم نوازشریف نے کہا کہ کاشتکار ہمارے بھائی ہیں، ہر دم ان کے ساتھ ہیں اور رہیں گے۔ اگرکسی کاشتکار نے گندم لگائی ہے تو گندم کا کاشتکار کواس کا بھر پور معاوضہ ملے گا۔