انڈے کے حجم جتنے اولے

اسلام آباد میں ژالہ باری کا خوفناک طوفان، عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات

muhammad ali محمد علی بدھ 16 اپریل 2025 20:29

انڈے کے حجم جتنے اولے
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین ۔ 16 اپریل 2025ء ) انڈے کے حجم جتنے اولے، اسلام آباد میں ژالہ باری کا خوفناک طوفان، عمارتوں اور گاڑیوں کو نقصان پہنچنے کی اطلاعات۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کے روز وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسلا دھار بارش اور شدید ژالہ باری ہوئی جس کے نتیجے میں سڑک کے کنارے پر کھڑی کئی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔اطلاعات کے مطابق وفاقی دارالحکومت میں موسلا دھار بارش ہوئی، کچھ علاقوں میں شدید ژالہ باری بھی ہوئی،ڑالہ باری کے نتیجے میں سڑک کے کنارے پر کھڑی گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے۔

ژالہ باری کا آغاز بغیر بارش کے ہوا جس کے بعد میں بارش بھی شروع ہو گئی،ژالہ باری میں اولوں سے زمین سفید ہو گئی،گرنے والے اولوں کا سائز ، انڈے، کرکٹ اور گالف کی گیندوں کے برابر تھا۔

(جاری ہے)

شدید بارش کے بعد اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں پانی کھڑا ہو گیا۔ اسلام آباد کے علاوہ خیبر، باجوڑ، مردان ،مالا کنڈ، لوئر دیر، مانسہرہ سمیت خیبرپختوںکواہ کے بھی مختلف شہروں میں طوفانی بارشیں،ژالہ باری ہوئی، دن میں اندھیرا چھا گیا۔

راولپنڈی اور جہلم میں آندھی اور طوفان کے ساتھ موسلادھار بارش کے باعث دیواریں گرنے کے واقعات میں تین افراد جاں بحق اور آٹھ زخمی ہو گئے۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پیشگوئی کی ہے کہ آئندہ چوبیس گھنٹوں کے دوران لاہور سمیت پنجاب کے بیشتر اضلاع میں موسم زیادہ تر گرم اور خشک رہنے کا امکان ہے تاہم بعض علاقوں میں رات کے وقت جزوی طور پر ابر آلود رہنے کے ساتھ آندھی اور گرج چمک کے ساتھ بارش کی توقع ہے۔ترجمان محکمہ موسمیات کے مطابق گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران متعدد علاقوں میں بارش اور ژالہ باری بھی ہوئی جبکہ دیگر اضلاع میں موسم گرم اور خشک رہا۔