ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو کو اے کے یو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا

بدھ 16 اپریل 2025 20:40

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اپریل2025ء)ڈاکٹر عذرا فضل پیچوہو ایک نمایاں پاکستانی سیاستدان ہیں جو سندھ میں صحت عامہ اور آبادی کی فلاح و بہبود کے لیے اپنی وابستگی کے لیے جانی جاتی ہیں۔ صحت کے شعبے میں 25 سال سے زائد کے تجربے کے ساتھ وہ اس وقت سندھ کی وزیر برائے صحت اور آبادی کی فلاح و بہبود کے طور پر خدمات انجام دے رہی ہیں اور سندھ اسمبلی کی رکن بھی ہیں۔

پاکستان کے عوام کے لیے ان کی غیر معمولی خدمات اور مسلسل کاوشوں کے اعتراف کے طور پر، ڈاکٹر پیچوہو کو 16 اپریل 2025 کو آغا خان یونیورسٹی (AKU) کے لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ڈاکٹر پیچوہو نے سندھ کے شعب صحت میں نظامی بہتری لانے میں کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ اپنے کیریئر کے دوران انہوں نے مثر اقدامات کی قیادت کی، جن میں متعدی امراض پر قابو پانا، حفاظتی ٹیکوں کی کوریج میں توسیع، اور صحت و تعلیم کی خدمات خصوصا خواتین، بچوں اور پسماندہ طبقات تک رسائی میں بہتری شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اے کے یو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ تحقیق، تدریس، صحت کی دیکھ بھال اور عالمی اثرات جیسے شعبوں میں غیر معمولی خدمات کو تسلیم کرتا ہے۔ یہ ایوارڈ ڈاکٹر پیچوہو کو آغا خان یونیورسٹی کے صدر سلیمان شہاب الدین نے اے کے یو میں منعقدہ نیشنل سمپوزیم برائے پرائمری ہیلتھ کیئر کے دوران پیش کیا۔ اس یادگار موقع پر ان کی قیادت، وابستگی اور اثرات کی مسلسل میراث کا جشن بھی منایا گیا۔