نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن کے تحت تریبیت حاصل کرنےوالے سینئر سول سروس افسران کے وفد کا سرگودھا کا دورہ

جمعرات 17 اپریل 2025 15:14

سرگودھا (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) نیشنل انسٹیٹیوٹ آف پبلک ایڈمنسٹریشن (نیپرا) اسلام آباد کے37ویں سینئر مینجمنٹ کورس کے تحت تربیت حاصل کرنے والے سینئر سول سروس افسران کے وفد نے سرگودہا کا دورہ کیا ۔ کمشنر سرگودہا ڈویژن جہانزیب اعوان نے ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کے ہمراہ وفد کا پرتپاک استقبال کیا اور انہیں ڈویژن کے تاریخی وثفافتی،صنعتی وجغرافیائی پہلوؤں سے آگاہ کیا۔

کمشنر نے ڈویژن میں حکومتی اقدامات پر عملدرآمد بارے بریفنگ دی اور بتایا کہ حکومت پنجاب کی طرف سے مختص کی پوائنٹ انڈیکیٹرز پر ذمہ دارانہ عملدرآمد جاری ہے۔کے پی آئیز کی تکمیل سے عوامی مسائل کے حل میں مدد مل رہی ہے۔ انتظامی ڈھانچے، حکومتی طریقہ کار اور پبلک سروس ڈیلیوری سسٹم کے حوالے سے تفصیلی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے وفد کو حکومت پنجاب کے مختلف انیشیٹوز پر بھی روشنی ڈالی، جو شہریوں کی زندگی کو بہتر بنانے کے لئے جاری ہیں۔

کمشنر نے صحت، تعلیم، سڑکوں اور انفراسٹرکچر کی بہتری، بیوٹیفکیشن پلانز اور دیگر فلاحی منصوبہ جات سے متعلق بھی شرکاء کو آگاہ کیا۔ انہوں نے زور دیا کہ مؤثر انتظامی حکمت عملی کی بدولت عوام کو سہولیات کی فراہمی میں بہتری آئی ہے۔ اس موقع پر کمشنر جہانزیب اعوان اور ڈپٹی کمشنر کیپٹن ریٹائرڈ محمد وسیم کو یادگاری سووینئرز پیش کئے گئے۔ سیشن میں مختلف محکموں کے ڈویژنل افسران بھی شریک تھے جنھوں نے وفد کے مختلف سوالوں جواب بھی دئیے۔