علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں آبی ماحولیاتی نظام پر سیمینار

جمعرات 17 اپریل 2025 15:35

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) علامہ اقبال اوپن یونیورسٹی میں ایک روزہ سیمینار ''آبی ماحولیاتی نظام میں پلاسٹک ویسٹ کے بڑھتے ہوئے خطرات اور اینٹی بایوٹک مزاحم بیکٹیریا (سپر بگز) کی افزائش'' کا انعقاد کیا گیا۔ یہ سیمینار جامعہ کی جانب سے طلبہ میں سائنسی شعور، ماحول دوست تحقیق، اور معاشرتی ذمہ داری کے احساس کو فروغ دینے کی کوششوں کا تسلسل تھا۔

سیمینار کے مہمانِ خصوصی، ڈین فیکلٹی آف سائنسز، پروفیسر ڈاکٹر شیر محمد نے اپنے فکر انگیز کلیدی خطاب میں کہا کہ سائنس محض نظریات کا مجموعہ نہیں بلکہ عملی میدانِ عمل ہے جہاں تحقیق کا اصل مقصد انسانی زندگی میں مثبت تبدیلی لانا ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی آلودگی اور انسانی صحت ایک دوسرے سے گہرائی سے جُڑے ہوئے مسائل ہیں اور پلاسٹک ویسٹ اب صرف زمین یا سمندر تک محدود نہیں بلکہ انسانی جسم میں شامل ہو کر مہلک بیماریوں کا باعث بن رہا ہے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر شیر محمد نے اس امر پر زور دیا کہ جامعات کو چاہیے کہ وہ ایسی تحقیق کو فروغ دیں جو ماحول، صحت اور سماج کے حقیقی مسائل کا مؤثر حل پیش کرے۔سیمینار کی مہمانِ مقرر، نیشنل انسٹی ٹیوٹ آف ہیلتھ کی ماہر ماحولیات و صحت، ڈاکٹر افرا فرحین نے ''آبی ماحولیاتی نظام میں پلاسٹک ویسٹ پر کالونائز کرنے والے اینٹی بایوٹک مزاحم بیکٹیریا'' کے ابھرتے ہوئے چیلنجز پر تفصیلی روشنی ڈالی۔

انہوں نے بتایا کہ پلاسٹک ویسٹ نہ صرف آلودگی کا سبب بن رہا ہے بلکہ یہ سپر بگز جیسے خطرناک بیکٹیریا کی افزائش کے لیے ایک سازگار ماحول فراہم کرتا ہے، جو انسانی صحت کے لیے ایک سنگین خطرہ بنتا جا رہا ہے۔سیمینار کے اختتام پر شعبہ نیوٹریشن اینڈ ہیلتھ سائنسز کے چیئرمین، ڈاکٹر ظہیر احمد نے تمام مہمانانِ گرامی، مقررین اور شرکاء کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹر افرا فرحین کی علمی گفتگو نے ہمیں پلاسٹک آلودگی اور اینٹی بایوٹک مزاحمت کے درمیان تعلق کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دی ہے۔سیمینار کی نظامت کے فرائض ڈاکٹر ربیعہ ظفر نے نہایت خوش اسلوبی اور مہارت سے انجام دیے۔سیمینار کا انعقاد فیکلٹی آف سائنسز کے شعبہ نیوٹریشنل سائنس اور انوائرمنٹل ڈیزائن نے کیا تھا۔

متعلقہ عنوان :