پاکستان سنگل ونڈو کا فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمدات کیلئے ڈیجیٹل سی او پی پی سرٹیفکیٹ کا اجراء

جمعرات 17 اپریل 2025 15:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء)پاکستان سنگل ونڈو نے ڈرگ ریگولیٹری اتھارٹی آف پاکستان کے تعاون سے فارماسیوٹیکل مصنوعات کی برآمد کے لیے درکار ڈیجیٹل سرٹیفکیٹ آف فارماسیوٹیکل پراڈکٹ کا اجرا ء کر دیا ہے۔ اس کے علاوہ اب ڈیجیٹل پلیٹ فارم سے فری سیل سرٹیفکیٹ، گڈ مینوفیکچرنگ پریکٹس سرٹیفکیٹ اور برآمدات کے لیے این او سی بھی حاصل کیے جا سکتے ہیں۔

یہ اقدام برآمدی عمل کو تیز، شفاف اور بین الاقوامی معیار کے مطابق بنانے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

(جاری ہے)

پاکستان سنگل ونڈ وپلیٹ فارم کے ذریعے جاری کیے جانے والے تمام سرٹیفکیٹس محفوظ، ڈیجیٹل طور پر قابلِ تصدیق اور کیو آرکوڈ کے ساتھ فراہم کیے جاتے ہیں تاکہ ان کی فوری جانچ ممکن ہو۔ڈیجیٹل سرٹیفکیٹس سے نہ صرف کاغذی کارروائیوں میں کمی آئے گی بلکہ پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات میں اعتماد اور شفافیت بھی بڑھے گی، خاص طور پر یورپی یونین اور امریکہ جیسے سخت قوانین والے ممالک میں۔مالی سال 2023-24 میں پاکستان کی فارماسیوٹیکل برآمدات تقریباً 341 ملین ڈالر تک پہنچیں، جو گزشتہ سال کی نسبت 3.90 فیصد اضافہ ظاہر کرتی ہیں۔