راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کی ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی سے متعلق شعور اجاگر کرنے کی سرگرمیاں جاری

جمعرات 17 اپریل 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) راولپنڈی ڈویژن میں ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت صفائی کے حوالے سے شعور اجاگر کرنے کی سرگرمیاں بھرپور انداز میں جاری ہیں۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی ) کی کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم نے جمعرات کویونین کونسل 14 اور 15 (سید پور سکیم) میں ڈور ٹو ڈور، ہولی فیملی ہسپتال مارکیٹ اور ہسپتال کے اندر خصوصی آگاہی مہم کا انعقاد کیا۔

کمیونیکیشن اینڈ سوشل موبلائزیشن ٹیم نے شہریوں سے براہِ راست ملاقات کے ذریعے انہیں صفائی کی اہمیت، کوڑا کرکٹ کی درست تلفی اور ذاتی و اجتماعی ذمہ داریوں سے متعلق آگاہی فراہم کی۔ اس دوران لوگوں کو بتایا گیا کہ گھریلو، تجارتی اور طبی فضلہ کو مخصوص جگہوں پر محفوظ انداز میں رکھنا کیوں ضروری ہے تاکہ شہر صاف اور بیماریوں سے محفوظ رہے۔

(جاری ہے)

لوگوں میں صفائی کے اصول، کچرے کے شیڈول اور کچرا گاڑی کی آمد کے بارے میں معلومات فراہم کرنے کے لئے پمفلٹس تقسیم کئے گئے ، ٹیم نے شہریوں کو بتایا کہ وہ صفائی سے متعلق کسی بھی شکایت یا معلومات کے لیے آر ڈبلیو ایم سی کی ہیلپ لائن 1139 پر کال کر سکتے ہیں۔اس کے علاوہ موبائل ایپ، سوشل میڈیا پلیٹ فارمز ( ٹویٹر، انسٹا گرام ،فیس بک ) اور ویب سائٹ کے ذریعے بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔

ہسپتال میں موجود مریضوں، تیمارداروں اور عملے کو صفائی کے اصولوں سے متعلق خصوصی پیغام دیا گیا۔ یہ بتایا گیا کہ طبی فضلہ جیسے سرنج، ماسک، دستانے یا دیگر اشیا کو عام کچرے میں نہ پھینکا جائے بلکہ ہسپتال انتظامیہ کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے اسے مخصوص طریقے سے ضائع کیا جائے تاکہ مہلک بیماریوں سے بچا جا سکے۔ٹیم نے مہم کے دوران اس بات پر زور دیا کہ حکومت اور ادارے اپنی ذمہ داریاں احسن طریقے سے ادا کر رہے ہیں لیکن اس مشن کی کامیابی کے لئے شہریوں کا تعاون کلیدی حیثیت رکھتا ہے، ہر فرد کو چاہیئے کہ وہ نہ صرف اپنے گھر بلکہ گلی، محلے اور شہر کو صاف رکھنے میں اپنا کردار ادا کرے۔

’’ستھرا پنجاب پروگرام ‘‘ صرف ایک صفائی مہم نہیں بلکہ طرزِ زندگی میں تبدیلی کا ایک مسلسل پیغام ہے۔ راولپنڈی ویسٹ مینجمنٹ کمپنی (آر ڈبلیو ایم سی) اس بات پر یقین رکھتی ہے کہ عوامی شمولیت اور مسلسل آگاہی ہی وہ راستہ ہے جس سے ایک صاف، صحت مند اور خوبصورت پنجاب ممکن بنایا جا سکتا ہے۔