حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن مارچ میں ملکی تاریخ میں پہلی بار1.195 ارب ڈالرفاضل ریکارڈ

جمعرات 17 اپریل 2025 17:00

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن مارچ میں ملکی تاریخ میں پہلی بار1.195 ارب ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا ، مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر8 فیصد اوردرآمدات میں 11 فیصد کااضافہ ہوا، تجارتی خسارہ میں سالانہ بنیادوں پر16 فیصد کااضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ سٹیٹ بینک کی جانب سے جاری کردہ اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 1.895ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 1.652ارب ڈالر خسارے میں تھا،مارچ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 1.195ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوکسی ایک ماہ میں فاضل توازن کاایک نیاریکارڈہے،گزشتہ سال مارچ میں حسابات جاریہ کے کھاتوں کاتوازن 363ملین ڈالر فاضل ریکارڈ کیا گیا تھا۔

(جاری ہے)

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں پرائمری بیلنس 6.524ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں 5.725ارب ڈالر تھا، جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں اشیاء کے شعبہ کے تجارتی خسارہ کاحجم 18.728ارب ڈالر اورخدمات کے شعبہ کے تجارتی خسارہ 2.318ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 16 فیصد اور6 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کاتجارتی خسارہ 16.165ارب ڈالر اورخدمات کے شعبہ کاتجارتی خسارہ 2.182ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، مارچ میں اشیاء کی خدمات کاتجارتی خسارہ 2.181ارب ڈالر اورخدمات کے شعبہ کاتجارتی خسارہ 226ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا ہے۔

سٹیٹ بینک کے مطابق مالی سال کے پہلے 9ماہ میں اشیاء کی برآمدات کاحجم 24.660ارب ڈالر اورخدمات کی برآمدات کاحجم 6.325ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 8اور10 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیاء کی برآمدات کاحجم 22.892ارب ڈالر اورخدمات کی برآمدات کاحجم 5.685ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،مارچ میں اشیاء کی برآمدات کاحجم 2.768ارب ڈالر اورخدمات کی برآمدات کاحجم 744ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں بالترتیب 10 فیصد اور5 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں اشیاء کی برآمدات کاحجم 2.523ارب ڈالر اور709ملین ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق جاری مالی سال کے پہلے 9ماہ میں اشیاء کی درآمدات کاحجم 43.388ارب ڈالر اورخدمات کی درآمدات کاحجم 8.553ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں بالترتیب 11 فیصد اور9 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں اشیا ء کی درآمدات کاحجم 39.057ارب ڈالر اورخدمات کی درآمدات کاحجم 7.867ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا،مارچ میں اشیاء کی درآمدات پر4.949ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواجوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 8 فیصد زیادہ ہے،گزشتہ سال مارچ میں اشیاء کی درآمدات پر4.573ارب ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔

اسی طرح مارچ میں خدمات کی درآمدات پر970ملین ڈالر خرچ ہوئے جوگزشتہ سال مارچ کے مقابلہ میں 7 فیصد زیادہ ہے، گزشتہ سال مارچ میں خدمات کی درآمدات پر908ملین ڈالر زرمبادلہ خرچ ہواتھا۔