پاک فوج کے سربراہ کے بیان سے کشمیریوں کے حوصلے بلند ہوئے ہیں، حریت کانفرنس

جمعرات 17 اپریل 2025 17:30

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں کل جماعتی حریت کانفرنس نے کشمیر سے متعلق پاک فوج کے سربراہ جنرل سید عاصم منیر کے حالیہ بیان کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے بھارتی تسلط کیخلاف برسرپیکار کشمیریوں کیلئے انتہائی حوصلہ افزا قرار دیا ہے۔ کشمیر میڈیاسروس کے مطابق جنرل سید عاصم منیر نے اسلام آباد میں اوورسیز پاکستانیوں کے کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کشمیریوں کے حق خودارادیت کی بھر پور حمایت کا اعادہ کرتے ہوئے کہا تھاکہ دنیا کی کوئی طاقت کشمیر کو پاکستان سے الگ نہیں کرسکتی ۔

کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان ایڈووکیٹ عبدالرشید منہاس نے سرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ جنرل سید عاصم منیر نے گزشتہ سات دہائیوں سے زائد عرصے سے وحشیانہ بھارتی مظالم کے شکار کشمیریوں کے احساسات و جذبات کی بھر پور ترجمانی کی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بھارت فوجی تسلط اور ظلم وتشدد سے کشمیریوں کی آزادی کی جدوجہد کو ہرگز کچل نہیں سکتا۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان تنازعہ کشمیر کا ایک اہم فریق ہے جو عالمی سطح پر کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی بھر حمایت اور وکالت کر رہا ہے۔حریت ترجمان نے مزید کہا کہ کشمیری پاکستانی فوج کو اپنا محافظ سمجھتے ہیں اور پاکستان سے الحاق کا ان کا دیرینہ خواب ایک دن ضرور پورا ہو گا۔دریں اثنا بھارتی پولیس نے ضلع سانبہ کے علاقوں بلولے کھڈ اور گجر بستی میں چھاپوں کے دوران تین خواتین سمیت نو افراد کو گرفتار کر لیا۔

پولیس نے ضلع جموں ضلع کے علاقے برجو چک میں شہری گلزار احمد کے دو منزلہ مکان کو منہدم کردیا۔ یہ کارروائیاں مقبوضہ علاقے میں اختلاف رائے کو طاقت کے بل پر خاموش کرانے کی بھارتی کوششوں کا مظہر ہیں۔ڈاکٹر زبیر احمد راجہ، محمد فرقان، محمد اقبال شاہین اور سید حیدر حسین سمیت سول سوسائٹی کے ارکان نے سرینگر میں ایک اجلاس کے دوران کہا کہ بی جے پی کی بھارتی حکومت مقبوضہ کشمیر کی مسلم اکثریتی شناخت کو اقلیت میں تبدیل کرنے کیلئے ایک سوچے سمجھے منصوبے پر عمل پیرا ہے۔

انہوں نے کہا کہ دفعہ 370اور 35Aکی منسوخی کا مقصد آبادی کے تناسب کی تبدیلی میں سہولت فراہم کرنا ہے ۔ انہوں نے کہاکہ اگست2019کے بعد سے لاکھوں غیر کشمیریوں کو مقبوضہ علاقے کے ڈومیسائل سرٹیفکیٹس جاری کئے گئے ہیں ۔ادھرنیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما اور سرینگر سے بھارتی پارلیمنٹ کے رکن آغا روح اللہ مہدی نے کشمیریوں کو منظم طوربے اختیار کرنے پر بی جے پی حکومت پر کڑی تنقید کی ہے ۔ انہوں نے خبردار کیا کہ مودی حکومت اپنے مذموم عزائم کی تکمیل کیلئے کسی بھی حد تک جاسکتی ہے ۔ ایک میڈیا انٹرویو میں انہوں نے مزیدکہا کہ بھارتی حکومت کا مستقبل قریب میں مقبوضہ کشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کا کوئی ارادہ نہیں ہے ۔