ملائیشیا کے شریعت اسکالرز کے وفد کا پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا دورہ

جمعرات 17 اپریل 2025 23:08

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اپریل2025ء) پاکستان اسٹاک ایکسچینج (PSX) نے ملائیشیا کے ممتاز شریعت اسکالرز اور پیشہ ور افراد کے وفد کا پٴْرتپاک خیرمقدم کیا جو اسلامی مالیات کو فروغ دینے اور شریعت کے مطابق کیپیٹل مارکیٹس کے درمیان سرحد پار تعاون کو آگے بڑھانے کے عزم کی عکاسی کرتا ہے۔معزز مہمانوں کے اعزاز میں ایک گونگ تقریب کا انعقاد کیا گیا۔

ملائیشیائی وفد میں معروف شریعت مشیران اور ماہرین شامل تھے، جن میں احمد حزام بحرالدین، عامر بن شہرالدین، محمد حامداللہ چی حسن، محمد فؤاد بن عبداللہ، وان عبدالفتاح بن وان اسماعیل، نور عزیزہ بنت چی عبدالعزیز، محمد بہرالدین بن محمد بدری، محمد شاہ میر بن شہرین، محمد فرحان بن محمد روزدی، ذاکر اللہ بن محمد شارانی، محمد عارف ارساد بن سہیلی، ازلان بن عبدالصمد، محمد عزام بن محمد خضر، وان احمد شفیق بن وان احمد اکرام، محمد رحیمی بن عثمان، اور محمد شیدک بن نذران شامل تھے۔

(جاری ہے)

وفد کا استقبال ڈاکٹر شمشاد اختر، چیئرپرسن پی ایس ایکس ؛ فاروق ایچ سبزواری، منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او پی ایس ایکس ؛ بدیع الدین اکبر، سی ای او سی ڈی سی ؛ عمران احمد خان، ڈپٹی سی ای او این سی سی پی ایل ؛ فاروق انصاری، چیئرمین پی ایم ایکس؛ اور پی ایس ایکس کی سینئر انتظامیہ و شریعت فوکس گروپ کے نمائندگان نے کیا۔ڈاکٹر شمشاد اختر نے معزز مہمانوں کو خوش آمدید کرتے ہوئے عالمی اسلامی مالیاتی منظرنامے میں ملائیشیا کے کلیدی کردار کو سراہا۔

انہوں نے پاکستان اور ملائیشیا کے اسلامی مالیاتی شعبوں کے مابین تعاون کی امید ظاہر کرتے ہوئے کہا: ‘‘پاکستان میں بھی شریعت کے مطابق سرمایہ کاری کے ذرائع کی طلب میں اضافہ ہو رہا ہے۔ پی ایس ایکس میں لسٹڈ 50 فیصد سے زائد کمپنیاں شریعت کے مطابق ہیں، جو کہ اسلامی سرمایہ کاری کے لیے ایک پرکشش پلیٹ فارم مہیا کرتی ہیں، جن میں ایکویٹیز، سکوک، اسلامی میوچل فنڈز، اور ای ٹی ایفس شامل ہیں۔

2008 میں اپنے پہلے اجارہ پر مبنی سکوک کے اجرا کے بعد، اگست 2024 تک پاکستان 6.5 ٹریلین روپے سے زائد مالیت کے اجارہ سکوک جاری کر چکا ہے۔ اسلامی مالیاتی اداروں کی مسلسل ترقی، متنوع اثاثہ جات اور سرمایہ کار دوست ریگولیٹری فریم ورک اس شعبے کی ترقی میں اہم کردار ادا کر رہے ہیں۔’’طارق نسیم ، ایس ای سی پی کے ہیڈ آف اسلامک فنانس، نے ملائیشیا سے آئے معززین کو پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ اور نان بینک مالیاتی شعبے میں اسلامی مالیات کی پیش رفت پر تفصیلی بریفنگ دی۔

انہوں نے ریگولیٹری اصلاحات میں حاصل کی گئی کامیابیوں اور مقامی و بین الاقوامی ضروریات کے مطابق اسلامی مالیاتی خدمات کی صنعت میں ہونے والی ترقیات پر روشنی ڈالی۔ اس موقع پر پاکستان اور ملائیشیا کے درمیان اسلامی مالیات کو عالمی سطح پر فروغ دینے کے لیے تعاون کے امکانات پر بھی بات کی گئی۔ فاروق ایچ سبزواری، منیجنگ ڈائریکٹر و سی ای او پی ایس ایکس نے اپنے خطاب میں ملائیشیائی وفد کو خوش آمدید کہا اور پاکستان کی کیپیٹل مارکیٹ کی ترقی کے لیے ملائیشیا کے اسلامی مالیاتی تجربے سے فائدہ اٹھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

انہوں نے بتایا کہ پاکستان کی صرف 0.14 فیصد آبادی اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاری کرتی ہے جبکہ بنگلہ دیش میں یہ شرح 1 فیصد ہے، جو اس شعبے میں ترقی کی بڑی گنجائش کو ظاہر کرتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حالیہ عرصے میں ریگولیٹرز مارکیٹ کے عمل کو ڈیجیٹائز کرنے میں مصروف ہیں تاکہ سرمایہ کاروں کی شمولیت میں اضافہ ہو۔ سبزواری نے پی ایس ایکس کی روزمرہ کی سرگرمیوں اور پاکستان کی معیشت کا جائزہ پیش کرتے ہوئے کہا کہ پی ایس ایکس پر ہونے والے تقریباً 80 فیصد یومیہ سودے شریعت کے مطابق ہوتے ہیں۔

انہوں نے چیئرپرسن پی ایس ایکس کا بھی شکریہ ادا کیا جنہوں نے پی ایس ایکس پر سکوک متعارف کرانے میں اہم کردار ادا کیا۔کیپیٹل مارکیٹ کے کلیدی اداروں کے سربراہانظجناب بدیع الدین اکبر (سی ای او سی ڈی سی )، جناب عمران احمد خان (ڈپٹی سی ای او این سی سی پی ایل)، اور جناب فاروق انصاری (چیئرمین پی ایم ایل ایکس )نے بھی شرکائ سے خطاب کیا اور اپنی اپنی تنظیموں کے کردار کو اجاگر کیا۔

تقریب کے اختتام پر پی ایس ایکس انتظامیہ نے شریعت کے مطابق کیپیٹل مارکیٹ کے قیام کے اپنے عزم کا اعادہ کیا اور پی ایسں ایکس شریعت فوکس گروپ کی کوششوں کو سراہا، جو صنعت کے ماہرین، شریعت اسکالرز اور مالیاتی ماہرین پر مشتمل ایک کثیر فریقی پلیٹ فارم ہے جو شمولیتی اور اسلامی مالیاتی نظام کو فروغ دینے کے لیے کام کر رہا ہے۔