نصیر آباد ڈویژن صوبے کا گرین بیلٹ ہے جہاں زراعت کے حوالے سے سال بھر زمینداروں کی مصروفیات ہوتی ہیں، صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم

جمعرات 17 اپریل 2025 21:50

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اپریل2025ء) پاکستان مسلم لیگ(ن) کے پارلیمانی لیڈر و صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات میر سلیم احمد کھوسہ کے زیر صدارت نصیر آباد سرکل میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کے حوالے جائزہ اجلاس منعقد ہوا ۔ اجلاس میں نصیر آباد سرکل کے سپرنٹنڈنگ انجینئر نصیر آباد سرکل کے علاؤہ نصیر آباد سرکل کے تمام روڈ اور بلڈنگ سیکٹر کے ضلعی انجینئرز آفیسران نے شرکت کی۔

اجلاس میں نصیر آباد سرکل میں جاری تمام ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت سے متعلق اسکیم وائز تفصیلی جائزہ لیا گیا اسکے علاؤہ جن منصوبوں پر درپیش تیکنیکی یا مالی مسائل تھے ان تمام منصوبوں کا بغور جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے کہا کہ نصیر آباد ڈویژن صوبے کا گرین بیلٹ ہے جہاں زراعت کے حوالے سے سال بھر زمینداروں کی مصروفیات ہوتی ہیں اور انھیں وقت پر اپنے زرعی اجناس کو منڈی تک پہنچانا ہوتا ہے لہذا جتنے بھی روڈ سائیڈکے جاری ترقیاتی منصوبے ہیں ان کی تکمیل میں تیزی لائی جائے ۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے مزید کہا کہ سیلاب کی تباہی کاریوں کے بعد نصیر آباد ڈویژن میں ازسرنو انفراسٹرکچر کی تعمیر بلخصوص روڈ انفراسٹرکچر کی تعمیر حکومت کی اولین ترجیحات میں شامل ہیں کیوں کہ کسی بھی علاقے کی ترقی اور خوشحالی کا دارومدار اسکے روڈ انفراسٹرکچر پر ہو تا ہے ، اگر شاہراہیں اچھی اور معیاری ہونگی تو علاقہ کی ترقی اور خوشحالی کو کوئی روک نہیں سکتا۔

صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے تمام متعلقہ انجینئرز آفیسران کو یہ ہدایات بھی دیں کہ اپنے اضلاع میں جاری ترقیاتی منصوبوں کی تکمیل میں تیزی لانے کے ساتھ ساتھ ا ن کے معیار کا خاص خیال رکھیں اور اسکے علاؤہ جتنے بھی ترقیاتی منصوبے جن کی تکمیل میں کسی بھی قسم کا تیکنیکی یا مالی مسئلہ درپیش ہے انھیں ہنگامی بنیادوں پر حل کرنے کی کوشش کریں۔

انہوں نے کہا کہ بلڈنگ سیکٹر کی جو بھی سیکم مکمل ہوتی ہے اسے جلد ہی متعلقہ محکمے کے حوالے کیا جائے اور اس حوالے سے ایک رسمی تقریب کا بھی انعقاد کیا جائے ۔صوبائی وزیر مواصلات و تعمیرات نے محکمہ کے چیف انجینئرز آفیسران اور باقی متعلقہ انجینئرز آفیسران کو سختی سے ہدایات دی کہ اپنے متعلقہ عملہ کو تمام ترقیاتی منصوبوں کی نگرانی مسلسل بنیادوں پر کرنے کی ہدایات دیں اور خود بھی اپنے سرکل میں جاری ترقیاتی منصوبوں پر پیش رفت کا جائزہ لینے کے لیے دورے بھی کیا کریںَ۔

متعلقہ عنوان :