سعودی وزیر دفاع کی ایرانی سپریم لیڈر سے ملاقات، شاہ سلمان کا پیغام پہنچایا

شہزادہ خالد بن سلمان نے ایرانی صدر پیزشکیان سے بھی ملاقات کی، دو طرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال

جمعہ 18 اپریل 2025 13:20

تہران (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان نے تہران میں ایرانی سپریم لیڈر علی خامنہ ای سے ملاقات کی ہے۔میڈیارپورٹس کے مطابق سعودی وزیر دفاع نے سعودی فرمانروا شاہ سلمان بن عبدالعزیز کا پیغام ایرانی رہنما علی خامنہ ای کو پہنچایا۔ یہ بات سعودی وزیر دفاع شہزادہ خالد بن سلمان اور ان کے ہمراہ وفد کے دورے کے دوران سامنے آئی۔

انہوں نے اپنے سرکاری دورے کے دوران تہران میں ایرانی صدر مسعود پیزشکیان سے بھی ملاقات کی۔ یہ ملاقات سعودی قیادت کی ہدایت پر عمل میں آئی۔ دورے کے دوران وہ متعدد ملاقاتیں کر رہے ہیں۔ دونوں ممالک کے درمیان دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال اور مشترکہ دلچسپی کے امور اور موضوعات پر تبادلہ خیال کیا جارہا ہے۔

(جاری ہے)

اس سے قبل شہزادہ خالد نے ایرانی مسلح افواج کے سربراہ سے بھی ملاقات کی ہے۔

شہزادہ خالد بن سلمان کے دورے کے دوران ایرانی چیف آف سٹاف میجر جنرل محمد باقری نے ریاض کے ساتھ اپنے ملک کے تعلقات کو مارچ 2023 میں بیجنگ معاہدے پر دستخط کے بعد سے ترقی کی جانب گامزن قرار دیا۔ میجر جنرل باقری نے کہا کہ تہران اور ریاض علاقائی سلامتی کو یقینی بنانے میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔ ریاض کے ساتھ اچھے تعلقات دشمنوں کے لیے مایوسی اور دوستوں کے لیے خوشی کا باعث ہیں۔

سعودی عرب اور ایران نے اس سے قبل آپس کے سفارتی تعلقات بحال کرنے کے فیصلے پر عمل درآمد کی جانب اٹھائے گئے اقدامات کے تسلسل میں دوطرفہ تعلقات کو مضبوط بنانے کی اپنی خواہش کا اعادہ کیا تھا۔ زور دیا گیا کہ ایران کے سعودی عرب کے ساتھ تعلقات دونوں ملکوں اور خطے کے عوام کے لیے اہم اور ضروری ہیں۔دونوں ممالک نے 2023 میں بیجنگ معاہدے پر دستخط کرنے کے بعد سے اپنے اس ارادے کا اعلان کیا ہے سعودی عرب اور ایران دونوں نے اس معاہدے کی تمام شقوں پر عمل درآمد کرنے اور بین الاقوامی کنونشنز، اسلامی تعاون تنظیم کے چارٹر اور بین الاقوامی قانون کی پاسداری کرتے ہوئے اچھے تعلقات کو مضبوط بنانے کی کوششیں جاری رکھیں گے۔