فیصل آباد‘ پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ بھڑک اٹھی، 3 گاڑیاں جل گئیں

ٹینکر پیٹرول کی سپلائی کے لیے پہنچا جس کے دوران شارٹ سرکٹ سے گاڑی کی وائرنگ میں آگ بھڑک اٹھی

جمعہ 18 اپریل 2025 13:35

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)فیصل آباد کے علاقے ستیانہ کے قریب ایک پیٹرول پمپ پر تیل سے بھرے آئل ٹینکر میں آگ لگنے سے 2 کوسٹر بسوں سمیت 3 گاڑیاں جل گئیں۔

(جاری ہے)

ریسکیو ذرائع کے مطابق پیٹرول پمپ پر آئل ٹینکر میں آگ لگنے کا واقعہ اس وقت پیش آیا جب ٹینکر پیٹرول کی سپلائی کے لیے پہنچا جس کے دوران شارٹ سرکٹ سے گاڑی کی وائرنگ میں آگ بھڑک اٹھی۔ریسکیو حکام نے بتایا ہے کہ ٹینکر میں بھڑکتی آگ نے دیکھتے ہی دیکھتے آئل ٹینکر اور قریب کھڑی 2 کوسٹر بسوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔اطلاع ملنے پر آگ بجھانے والی گاڑیوں نے پہنچ کر آگ پر قابو پایا تاہم آگ لگنے کے نتیجے میں 3 گاڑیاں جل گئیں، آتشزدگی کے واقعے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہواہے۔