نائب وزیرخارجہ اعلی سطحی وفد کے ہمراہ کل ہفتہ کو کابل جائیں گے

جمعہ 18 اپریل 2025 20:10

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء)نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ کل ہفتہ کو اعلیٰ سطحی وفد کے ہمراہ کابل جائیں گے، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق دورہ افغان عبوری وزیر خارجہ کی دعوت پر کیا جا رہا ہے،کابل میں نائب وزیراعظم افغان عبوری وزیراعظم سے ملاقات کریں گے، نائب وزیراعظم افغان نائب وزیراعظم برائے اقتصادی امور سے بھی ملاقات کریں گے،کابل میں وفود کی سطح پر مذاکرات بھی ہوں گے،مذاکرات میں سیکیورٹی، تجارت، روابط اور عوامی تعلقات پر گفتگو ہو گی،پاکستان افغانستان کے ساتھ مستقل رابطے کو اہمیت دیتا ہے، نائب وزیراعظم کا دورہ پاکستان کے افغان عوام سے برادرانہ تعلقات کا مظہر ہے،دوسری جانب نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ نے دورہ افغانستان سے قبل اعلیٰ سطحی بین الوزارتی اجلاس کی صدارت کی،اجلاس میں افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی سفیر صادق خان اور مشیر وزیراعظم طارق باجوہ شریک ہوئے، سیکرٹریز تجارت، ریلوے، داخلہ اور ایف بی آر و دفتر خارجہ کے اعلیٰ حکام نے اجلاس میں شرکت کی،اجلاس میں دورے کے تمام پہلوؤں کا تفصیل سے جائزہ لیا گیا، اجلاس میں دوطرفہ تعاون کے فروغ اور علاقائی روابط بڑھانے پر توجہ مرکوز رہی۔