پاکستان کا تحفظ محب وطن عوام اور بہادر افواج کی اولین ترجیح ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری

جمعہ 18 اپریل 2025 20:52

اسلام آباد/ کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 18 اپریل2025ء) ملکی سلامتی اور دہشت گردی کے خلاف مسلسل جنگ میں شہداء اور غازی ہمارا فخر اور سرمایہ افتخار ہیں ۔آج اگر ہم آزاد فضائوں میں سانسیں لے رہے ہیں تو یہ سب ملکی حفاظت پر معمور ہمارے بہادر سپوتوں کی قربانی کا نتیجہ ہے۔ ان خیالات کا اظہار چیئرپرسن سینٹ قائمہ کمیٹی برائے انسانی حقوق سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے اپنے ایک بیان میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ بزدل اور ناعاقبت اندیش دشمنوں کے ناپاک عزائم خاک میں ملانے میں ہماری افواج اور دیگر سیکیورٹی فورسز کا کردار نہایت نمایاں اور قابل تعریف ہے ۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف مختلف آپریشنز کے دوران قوم کے لیے جرات و بہادری کی داستانیں رقم کرنے والے افسروں اور جوانوں کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں جنہوں نے اپنے خون سے وطن کی آبیاری کی اور قیام پاکستان سے اب تک وطن کے دشمنوں اور دہشتگردوں کے سامنے سیسہ پلائی دیوار بن کر کھڑے ہوئے ہیں اور دشمنوں کے مکروہ عزائم کو ہمیشہ ناکام بنایا ہے ۔

(جاری ہے)

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ مادر وطن کے لیے جان کا نذرانہ پیش کرنے والے جرات اور بہادری کے پیکر، شہداء کے خاندانوں کو سلام پیش کرتے ہیںجنہوں نے اپنی جانوں کا نذرانہ دینے والے بہادر سپوت قوم کو دیئے جن کی ثابت قدمی اور وطن سے محبت لازوال اور قابل تحسین ہے۔ سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے کہا کہ آج پوری قوم دہشت گردی کے خاتمے کے لیے جاری آپریشنز کے دوران دہشتگردی کے خطرات اور کارروائیوں کو ناکام بنانے کے لیے پاک فوج اور قانون نافذ کرنے والے اداروں کی انتھک محنت، کوششیں اور غیرمتزلزل عزم کو قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کس بلوچستان سمیت ملک کے دیگر حصوں میں دہشت گردی کے حالیہ واقعات پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ۔ دہشت گردی کی بزدلانہ کارروائیاں ناقابل برداشت ہیں اور مسلح افواج ملک سے دہشت گردی کے ناسور کو جڑ سے اکھاڑ پھینکنے تک آرام سے نہیں بیٹھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ ملکی سلامتی ہم سب کی پہلی ترجیح ہونی چاہئے اور جس طرح ہماری بہادر سیکیورٹی فورسز بزدل دہشت گردوں سے وطن کی حفاظت کے لئے نبرد آزما ہیں اس کے لئے پوری قوم اپنے بہادر سپوتوں کو خراج تحسین پیش کرتی ہے ۔

سینیٹر ثمینہ ممتاز زہری نے مزید کہا کہ سردار اختر مینگل کا کوئٹہ دھرنا ختم کرنے کا اعلان خوش آئند ہے۔دھرنوں اور احتجاج سے عام عوام کو کوئی دلچسپی نہیں اور اب سب کو سمجھ جانا چاہئے کہ اس طرح کے دھرنے ملکی سلامتی سے متصادم اور حکومتی رٹ چیلنج کرنے کے مترادف ہے۔ایسے دھرنے صرف اور صرف اپنی سیاست چمکانے اور بیرونی و اندرونی دشمنوں کو اُن کے ناپاک عزائم حاصل کرنے کی دعوت دینے کے سوا کچھ نہیں ۔

کسی بھی محب وطن پاکستانی کو زیب نہیں دیتا کہ ملکی سلامتی کے خلاف کسی بھی کارروائی کا حصہ بنے اور دشمنوں کو اپنے مکروہ عزائم کی تکمیل کا موقع دے ۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان میں چند شر پسند عناصر اپنے غیر ملکی آقائوں کی ایماء پر امن و امان کی صورتحال خراب کرنا چاہتے ہیں لیکن انہیں کسی صورت کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گااور ان شرپسند عناصر اور دہشت گردوں کو کیفر کردار تک پہنچا کر ہی دم لیا جائے گا۔

انہوں نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ یہ بات مسلمہ حقیقت ہے کہ پاکستان کا دفاع اور سلامتی ہمارے شہدا کے مقدس خون اور غازیوں کی عظیم قربانیوں کی بدولت ہی قائم ہے۔انہوں نے کہا کہ دہشت گردی کے خلاف جاری جنگ قوم کے مستقبل کی جنگ ہے اور ا س جنگ میں دہشت گردوں کو شکست فاش ہو گی ۔انہوں نے کہا کہ بہادر افواج اور قوم نے مل کرپہلے بھی دہشت گردی کے ناسور کا خاتمہ کیا اور آئندہ بھی اس عفریت کو جڑ سے اکھاڑنے کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔

انہوں نے کہاکہ اس ملک کا تحفظ محب وطن عوام اور بہادرسیکیورٹی فورسز کا مشن بھی ہے اور ہم سب کی قومی ذمہ داری بھی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ ہم سب کا قومی فریضہ ہے کہ امن و امان کی بہتری اور وطن کی حفاظت کے لئے اپنا اپنا کردارادا کریں اور دشمنوں کو باور کرادیں کہ پاکستانی قوم دہشت گردی کے خلاف متحد اور ایک پلیٹ فارم پر ہے اور دہشت گردی کے ایسے بزدلانہ واقعات ہمارے حوصلے پست نہیں کر سکتے۔