ہریالی حب ری سائیکل پلانٹ جی ٹی ایس بلدیہ اور شرافی میں کچرے کو ری سائیکل کے دائرہ کار کو بڑھانے کے لئے مزید تجاویز طلب کرلی گئیں

جمعہ 18 اپریل 2025 21:41

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 18 اپریل2025ء)ایم ڈی سندھ سالڈ ویسٹ مینجمنٹ بورڈطارق علی نظامانی کی زیر صدارت اجلاس میں ہریالی حب ری سائکل پلانٹ جی ٹی ایس بلدیہ اورجی ٹی ایس شرافی میں کچرے کو ری سائیکل کرنے کے دائرہ کار کومزید بڑھانے کے لئے تجاویز طلب کرلی گئیں۔جی ٹی ایس شرافی اور جی ٹی ایس بلدیہ زون میں پائیلیٹ پروجیکٹ ہریالی حب میں کچرے کی ری سائیکلنگ کاکام پہلے سے انجام دیا جارہا ہے جبکہ اب اس کے دائرہ کار کو وسیع کرنے کے لئے حکمت عملی بنائی گئی۔

اس سلسلے میں خواتین کی زیر قیادت کمپنی ٹری سائیکل پرائیوٹ لمیٹڈ نے جی ٹی ایس بلدیہ ہریالی حب ری سائیکل پلانٹ جبکہ امپیریل وینچرکمپنی نے جی ٹی ایس شرافی ہریالی حب ری سائیکل پلانٹ کے لئے اپنے پروپوزل جمع کرائے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر ایم ڈی سالڈ ویسٹ نے کہا کہ ہم کراچی اور پورے سندھ میں کچرے کی کمی اور کارآمد کچرے کو قابل استعمال بنانے کے لئے اقدامات کررہے ہیں اس سلسلے میں پہلے سے موجود پائیلیٹ پروجیکٹ کا دائرہ کاروسیع کرنے کے علاوہ تمام جی ٹی ایس کو ماڈرن بنانے اور کچرے کو ری سائیکل کرنے کے لئے متعدد اقدامات پر کام جاری ہے انہوں نے کہا کہ تمام پروجیکٹ کے پائیدار ماڈل بنائے جائیں گے تاکہ شہریوں کو آلودگی سے پاک صحت مند ماحول کے ساتھ ساتھ ادارہ اپنے اخراجات اپنے وسائل سے برداشت کرنے کے قابل بن سکے۔

انہوں نے دونوں کمپنیز کو ہدایت دی کے پروپوزل مزید تجاویز کے ساتھ جس میں کچرے کی مقدار، مارکیٹ ویلیو، اور پائیدار ماڈل کی نوعیت کے علاوہ اشیا جو بنائی جائیں گی اس کی تفصیلات واضح طور پر موجود ہوں۔پروپوزل پر اسٹیرنگ کمیٹی میں منظوری کے بعد عملدرآمد کیا جائے گا۔