وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات کی والدہ کی زیر قیادت گرین ٹائون میں فلسطینیوں سے اظہارِ یکجہتی کیلئے ریلی

ہفتہ 19 اپریل 2025 00:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطا اللہ تارڑ کے حلقہ این اے 127، گرین ٹائون میں فلسطینی عوام سے اظہارِ یکجہتی کے لیے نماز جمعہ کے بعد ایک پرامن و منظم ریلی نکالی گئی جس کی قیادت وفاقی وزیر کی والدہ نے کی ۔ریلی میں ایم پی اے میاں عمران جاوید، شہباز طالب،حمزہ،رابعہ افضل سمیت خواتین، بزرگ، نوجوانوں اور بچوںکی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

ریلی سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر کی والدہ نے فلسطین کے مظلوم عوام کے لیے آواز بلند اور اسرائیلی جارحیت کی شدید مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کا ہر شہری فلسطینی عوام کے شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ انہوں نے عالمی برادری سے مطالبہ کیا کہ وہ اسرائیلی مظالم کا فوری نوٹس لے اور فلسطینیوں کو ان کا بنیادی حق دلانے میں کردار ادا کرے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاآج ہم یہاں صرف ایک قوم یا مذہب کے حق میں آواز بلند کرنے کے لیے جمع نہیں ہوئے بلکہ انسانیت، مظلومیت اور حق کے علمبردار بن کر نکلے ہیں، فلسطین کے نہتے عوام پر جس ظلم و ستم کا بازار گرم ہے، وہ دنیا کے ضمیر کے لیے ایک سوالیہ نشان ہے، عورتوں، بچوں، بزرگوں اور معصوم انسانوں پر گرتے بم، تباہ ہوتے گھر اور روتی بلکتی مائیں دنیا کی بے حسی کو بے نقاب کر رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا ہر فرد فلسطین کے عوام کے ساتھ کھڑا اور ہمارا دل فلسطین کے بچوں کے ساتھ دھڑکتا ہے، ہماری ماں کی ممتا وہاں کی شہید ماں کے دکھ میں برابر کی شریک اور آج کی ریلی اس بات کا اعلان ہے کہ ظلم کے خلاف آواز بلند کرنا صرف فرض نہیں، بلکہ ایمان کا حصہ ہے۔ شرکاء نے فلسطینی پرچم اور یکجہتی کے بینرز تھام رکھے تھے، جن پر فلسطینیوں کی حمایت میں نعرے درج تھے۔ اس موقع پر فضا "فری فری فلسطین" اور "اسرائیل مردہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی،ریلی کا اختتام مولانا انور نوری کی دعا کے ساتھ ہوا جس میں مظلوم فلسطینیوں کے لیے فتح، امن اور عالمی ضمیر کی بیداری کی دعائیں مانگی گئیں۔