Live Updates

’اس عمر میں سنجیدہ باتیں کیا کریں‘ پی ٹی آئی پاکستان بننے کے دعوے پر شیخ وقاص کا فیصل واوڈا کو مشورہ

ڈیڑھ سال میں ہمارا ایک ایم این اے یا ایم پی اے نہیں ٹوٹا، اس لیے فیصل واوڈا کی پی ٹی آئی پاکستان بننے کی بات غیر سنجیدہ ہے؛ سیکرٹری اطلاعات پی ٹی آئی کی گفتگو

Sajid Ali ساجد علی ہفتہ 19 اپریل 2025 11:48

’اس عمر میں سنجیدہ باتیں کیا کریں‘ پی ٹی آئی پاکستان بننے کے دعوے پر ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 19 اپریل 2025ء ) سابق وفاقی وزیر اور سینیٹر فیصل واوڈا نے پی ٹی آئی پاکستان بننے کے دعوے پر تحریک انصاف کے سیکریٹری اطلاعات شیخ وقاص کا ردعمل آگیا۔ اس حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ڈیڑھ سال میں ہمارا ایک ایم این اے یا ایم پی اے نہیں ٹوٹا، اس لیے فیصل واوڈا کی پی ٹی آئی پاکستان بننے کی بات غیر سنجیدہ ہے، اس عمر میں سنجیدہ باتیں کیا کریں، فیصل واوڈا پہلے دن سے کہہ رہے ہیں سختیاں بڑھ جائیں گی اور بڑھی بھی ہیں، ان سختیوں کے باوجود کیا ہمارے لوگ دوڑ گئے؟ ان سختیوں کے باوجود نومبر کا احتجاج ہوا، ان ہی سختیوں کے بعد لوگوں نے 8 فروری کا بھی احتجاج کیا۔

شیخ وقاص اکرم کا کہنا ہے کہ جب بندہ حکومت میں آتا ہے اور خاص طور پر جب اسے پتا بھی نہیں ہوتا کہ میری پارٹی کون سی ہے اور مجھے ووٹ کس نے دیئے ہیں تو غلامانہ سی ایک سوچ بن جاتی ہے اور بندہ کہتا ہے میں جن کے ساتھ ہوں بس وہی خدا ہیں اور وہی چلائیں گے باقی کچھ نہیں ہوگا ایسا نہیں ہوتا، اللہ تعالیٰ کی ذات جب چاہے کس وقت بات پلٹ جائے کچھ پتا نہیں ہوتا۔

(جاری ہے)

انہوں نے یہ بھی کہا کہ تحریک انصاف پولیٹیکل کمیٹی کی جانب سے ڈسپلن بنایا گیا تھا کہ عمران خان سے وہ لوگ مل سکیں جن سے وہ ملنا چاہتے ہیں مگر بدقسمتی ہے ایسا نہیں ہونے دیا جا رہا ہے، عمران خان نے پارٹی رہنماؤں کو ہدایات دی ہیں کہ وہ اپنے آپس کے اختلافات کو میڈیا پہ ڈسکس نہ کریں، عمران خان نے اپنی ذات کے حوالے سے مذاکرات کیلئے کسی فرد کو اتھارٹی نہیں دی البتہ مذاکرات کے دروازے قوم، ملک اور جمہوریت کیلئے کھلے ہیں، معدنیات بل کے حوالے سے عمران خان کی ہدایات پہنچ چکی ہیں اور وہی پارٹی کا واضح مؤقف ہے۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات