حوثیوں کا بحیرہ احمر میں دو امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں کو نشانہ بنانے کا اعلان

گروپ نے اسرائیل کو نشانہ بنانے کا بھی اعلان کیا، راس عیسی بندرگاہ پر مزیدحملوں کے عزم کا اظہار

ہفتہ 19 اپریل 2025 12:03

صنعا(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)حوثیوں نے اسرائیل اور دو امریکی طیارہ بردار بحری جہازوں پر حملے کرنے کا اعلان کیا ہے۔ میڈیارپورٹس کے مطابق راس عیسی کی بندرگاہ پر امریکی فضائی حملے میں 74 افراد کے جاں بحق ہونے کے اعلان کے ایک دن بعد حوثی گروپ نے امریکہ اور اسرائیل کے مزید اہداف پر حملے کرنے کے عزم کا اظہار بھی کر ڈالا ۔

(جاری ہے)

حوثی فوج کے ترجمان یحیی ساری نے صنعا میں ایک مظاہرے کے دوران ایک تقریر میں کہا کہ انہوں نے ایک بیلسٹک میزائل سے تل ابیب کے بن گوریون ہوائی اڈے کے آس پاس میں ایک فوجی ہدف کو نشانہ بنایا ۔انہوں نے مزید کہا کہ انہوں نے امریکی طیارہ بردار بحری جہاز ٹرومین اور ونسن اور بحیرہ احمر میں ان سے منسلک لڑاکا طیاروں کو متعدد میزائلوں اور ڈرونز سے نشانہ بناتے ہوئے دوہرا فوجی آپریشن کیا ہے۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ بحیرہ عرب میں پہنچنے کے بعد ونسن کیریئر کو پہلی مرتبہ نشانہ بنایا گیا ہے۔ یحیی ساری نے حوثی ٹھکانوں پر مسلسل امریکی حملوں کے باوجود تصادم، ہدف سازی، مشغولیت اور تصادم کی کارروائیوں۔ کو مزید انجام دینے کے عزم کا اظہار کیا۔