بھارتی سکھ یاتری پاکستان میں روحانی سفر مکمل کر کے حسین یادوں کے ساتھ وطن واپس روانہ

وزیر اقلیتی امور رمیش سنگھ اروڑہ نے ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز کے ہمراہ مہمانوںک و واہگہ بارڈر پر روانہ کیا

ہفتہ 19 اپریل 2025 16:19

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 19 اپریل2025ء)پاکستان کے مختلف مقدس مقامات پر روحانی و مذہبی رسومات کی ادائیگی کے بعد 5803 بھارتی سکھ یاتری واہگہ بارڈر کے راستے اپنے وطن بھارت واپس روانہ ہو گئے۔ یاتریوں کی روانگی کے موقع پر صوبائی وزیر برائے اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ، ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر اور پاکستان سکھ گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے ممبران موجود تھے۔

یاتریوں نے اپنی روانگی سے قبل حکومت پاکستان، حکومت پنجاب، اور متروکہ وقف املاک بورڈ کا خصوصی شکریہ ادا کیا۔ دہلی گوردوارہ مینیجمنٹ کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار دلجیت سنگھ نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں انسان اور انسانیت کی بے مثال تعظیم دیکھی، یہاں کے پیار کو بھارتی سرزمین تک لے جانے کی کوشش کریں گے۔

(جاری ہے)

شرومنی گوردوارہ پربندھک کمیٹی کے جتھہ لیڈر سردار رویندر سنگھ نے کہا کہپاکستانیوں کی طرف سے جو محبت، مان اور عزت ملی، وہ کبھی بھلا نہیں پائیں گے۔

پاکستان حقیقت میں اقلیت نواز ملک ہے۔اس موقع پر صوبائی وزیر سردار رمیش سنگھ اروڑہ کا کہنا تھا کہ ہم نے بھرپور کوشش کی کہ مہمانوں کی خدمت میں کوئی کمی نہ چھوڑیں۔ دعاگو ہیں کہ آپ جلد واپس آئیں اور ہم مل کر محبتیں بانٹیں تاہم اگلی بار ویزوں کی تعداد میں مزید اضافہ کرنے کی کوشش کریں گے۔ ایڈیشنل سیکرٹری شرائنز سیف اللہ کھوکھر نے کہا کہ تمام مراحل ایک مضبوط ٹیم ورک کے ذریعے ادا کیے گئے۔

امید کرتے ہیں کہ ہماری مہمان نوازی توقعات پر پوری اتری ہو گی۔ جہاں کچھ کمی رہ گئی ہو، اسے آئندہ دوروں میں لازمی درست کیا جائے گا۔ الوداع ہوتے ہوئے دیگر سکھ یاتریوں کا کہنا تھا کہ پاکستان نے ایک بار پھر بین المذاہب ہم آہنگی، محبت اور مہمان نوازی کی اعلیٰ مثال قائم کی جسکو ہمیشہ کی طرح قدر کہ نگاہ سے دیکھتے ہیں۔