تھیٹر، سٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار عمر شریف کی سالگرہ ہفتہ کو منائی گئی

ہفتہ 19 اپریل 2025 16:28

تھیٹر، سٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار  عمر شریف کی سالگرہ ہفتہ کو منائی ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) تھیٹر، سٹیج، فلم اور ٹی وی کے اداکار عمر شریف کی سالگرہ ہفتہ 19 اپریل کو منائی گئی ۔عمر شریف 19 اپریل 1955ء کو کراچی کے علاقے لیاقت آباد میں پیدا ہوئے۔ ان کی بنیادی وجہ شہرت مزاحیہ سٹیج ڈرامے ہیں۔ انہوں نے اپنے کیرئیر کا آغاز 1974 میں 14 سال کی عمر میں سٹیج اداکاری سے کیا۔1980ء میں پہلی بار انھوں نے آڈیو کیسٹ سے اپنے ڈرامے ریلیز کیے۔

پاکستان کے ساتھ ساتھ عمر شریف بھارت میں بھی کافی مقبول ہیں۔ عمر شریف نے کامیڈی کا جومنفرد ٹرینڈ متعارف کرایا اُس میں عوامی لہجہ، انداز اور روزمرہ کے واقعات کا مزاحیہ تجزیہ شامل رہا۔ عمر شریف تھیٹر اور اسٹیج ڈرامے کے بے تاج بادشاہ تھے۔ انھوں نے ٹی وی اور فلموں میں بھی اپنے فن کامظاہرہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اداکاری اور میزبانی کے ساتھ لافٹر پروگرامز میں بطور جج بھی فرائض سر انجام دیئے جن میں بھارت کا مقبول ترین پروگرام دی گریٹ انڈین لافٹر چیلنج سرفہرست ہے، جس میں انھوں نے نوجوت سنگھ سدھو کے ہمراہ جج کے فرائض سر انجام دیے۔

انھوں نے تقریبا 5 دہائیوں تک شوبز میں کام کیا ہے اور درجنوں، ڈراموں، اسٹیج تھیٹرز اور لائیو پروگرامز میں پرفارم کیا۔ عمر شریف پاکستان کی کچھ فلموں میں بھی مرکزی کردار میں جلوہ گر ہوئے اور خوب نام کمایا۔ فلموں میں شکیلہ قریشی کے ساتھ ان کی جوڑی کو خوب پسند کیا گیا۔ان کی مقبول فلموں میں مسٹر 420، مسٹر چارلی، خاندان اور لاٹ صاحب شامل ہیں۔

مسٹر 420 میں بہترین اداکار کرنے پر انھیں ایوارڈ سے بھی نوازا گیا۔عمر شریف کی خدمات کے عوض انھیں نگار ایوارڈ اور تمغا امتیاز سمیت کئی اعزازات سے نوازا گیا۔عمر شریف 2 اکتوبر 2021ء کو جرمنی کے نورنبرگ کے ایک ہسپتال میں 61 سال کی عمر میں انتقال کر گئے اور کراچی میں عبداللّٰہ شاہ غازی کے مزار کے احاطے میں مدفون ہوئے۔ عمر شریف کی سالگرہ کے موقع پر شو بز انڈسٹری ، فنکار برادری اور ان کے مداحوں کی جانب سے ان کی خدمات کے اعتراف میں شاندار انداز میں خراج تحسین پیش کیا گیا۔