بھارتی حکام نے خالصتان نواز سکھ رہنما امرت پال سنگھ کی نظر بندی میں ایک سال کی توسیع کر دی

ہفتہ 19 اپریل 2025 18:04

چندی گڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 19 اپریل2025ء) بھارتی پنجاب کے حکام نے کالے قانون نیشنل سیکیورٹی ایکٹ کے تحت خالصتان نواز سکھ رہنما اور بھارتی پارلیمنٹ کے رکن امرت پال سنگھ کی نظربندی میں ایک سال کی توسیع کردی ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق امرت پال سنگھ اس وقت آسام کی ڈبرو گڑھ جیل میں نظربند ہیں۔ اس اقدام پر تنقید کی جارہی ہے کیونکہ پولیس نے ان کے خلاف درج 12 مقدمات میں نامزد ان کے دیگر نو ساتھیوں کی نظربندی میں توسیع نہیں کی ہے۔

(جاری ہے)

اعلیٰ پولیس حکام نے دعوی کیا کہ امرت پال سنگھ کے ساتھ خصوصی سلوک کیا جارہا ہے کیونکہ ان کے خلاف شواہدموجود ہیں کہ وہ ریاست میں امن و امان کے لیے خطرہ پیدا کر رہے ہیں۔حکام نے بتایا کہ امرتسر کے ضلع مجسٹریٹ کی سفارش کے بعد پنجاب کے محکمہ داخلہ نے نظربندی میں توسیع کی منظوری دی ہے۔امرت پال سنگھ اپریل 2023سے نظربندہیں۔ انہیں اور دیگر نو افراد کو ابتدائی طور پر مارچ 2023میں ریاست گیر کریک ڈائون کے دوران گرفتار کیا گیا تھا۔ بھارتی حکومت نے حفاظتی خدشات اور ان کی سرگرمیوں کی وجہ سے ممکنہ خطرات کو نظر بندی میں توسیع کا جواز قرار دیا ہے۔