پنجاب یونیورسٹی :12 اساتذہ کروڑوں روپے کی سکالرشپ لے کر مفرور، انتظامیہ کا ایف آئی اے، وزارت خارجہ و داخلہ کو خط لکھنے کا فیصلہ

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:03

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) پنجاب یونیورسٹی نے سکالرشپ پر بیرون ملک جا کر مفرور ہونے والے 12 اساتذہ سے رقوم کی ریکوری کے لئے ایف آئی اے کو خط لکھنے کا فیصلہ کیا ہے جبکہ مفرور اساتذہ کے شناختی کارڈ اور پاسپورٹ بلاک کرنے کے لئے پنجاب یونیورسٹی وزارت خارجہ اور وزارت داخلہ کو بھی خط لکھے گی۔ اپنے بیان میں پنجاب یونیورسٹی کے ترجمان نے کہا ہے کہ پنجاب یونیورسٹی کے 56 اساتذہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کرنے کے لئے کروڑوںروپے کی گرانٹ ملی تھی جن میں سے 12 اساتذہ نے جوائننگ نہ دی ۔

انہوں نے کہاکہ 7 اساتذہ ایچ ای سی کی سکالرشپ اور5 اساتذہ پنجاب یونیورسٹی کی اوورسیز سکالرشپ لے کر مفرورہوئے ۔ انہوں نے کہا کہ قانون کے مطابق تمام اساتذہ کو بیرون ملک پی ایچ ڈی کرنے کے بعد وطن واپس آ کر 5 سال یونیورسٹی میں سروس دینا لازمی ہوتا ہے۔

(جاری ہے)

۔ انہوں نے کہا کہ ڈیوٹی جوائن نہ کرنے پر مفرور اساتذہ کو معاہدے کے مطابق یونیورسٹی کو کروڑوں روپے ادا کرنے تھے۔

ترجمان کے مطابق پنجاب یونیورسٹی سنٹر فار جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کی فرح ستار70لاکھ سے زائد، سنٹر فار جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم کے سید محسن علی1کروڑ 40لاکھ سے زائد، انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی کرن عائشہ ایک کروڑ سے زائد،شعبہ مائیکرو بائیولوجی اینڈ مالیکیولر جینیٹکس کی رابعہ عباس90لاکھ سے زائد، انسٹیٹیوٹ آف کوالٹی اینڈ ٹیکنالوجی مینجمنٹ کے خواجہ خرم خورشید84لاکھ سے زائد ،ہیلی کالج آف کامرس کی شمائلہ اسحاق 1کروڑ 61لاکھ سے زائد اور سینٹر فار کول ٹیکنالوجی کے ڈاکٹر محمد عثمان رحیم 72لاکھ روپے سے زائد ادا کئے بغیر مفرور ہوگئے۔

انہوں نے کہا کہ کالج آف انجینئرنگ اینڈ ایمرجنگ ٹیکنالوجی سے سلمان عزیز90لاکھ سے زائد، انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنس کی ڈاکٹر سیماب آراء فاروقی1کروڑ سے زائد، انسٹیٹیوٹ آف ایڈمنسٹریٹو سائنسز کی سامعہ محمود1کروڑ 16لاکھ سے زائد ، سنٹر فار جیوگرافیکل انفارمیشن سسٹم محمد نواز72لاکھ سے زائد اور پنجاب یونیورسٹی کالج آف انفارمیشن ٹیکنالوجی کی جویریہ اقبال60لاکھ روپے سے زائد ادا کئے بغیر مفرور ہوئے ۔انہوں نے کہا کہ پنجاب یونیورسٹی نے 12 مفرور اساتذہ کو یونیورسٹی سروس سے برخاست بھی کر دیاہے۔