اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:42

اسلام آباد، لاہور اور پشاور سمیت ملک کے مختلف علاقوں میں زلزلے کے ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد، پنجاب اور خیبر پختونخوا کے مختلف شہروں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے جس کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا۔ ریکٹر اسکیل پر زلزلے کی شدت 5.9 ریکارڈ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق اسلام آباد سمیت پنجاب میں راولپنڈی، مری، پنڈدانخان، لاہور و گردونواح میں زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔

علاوہ ازیں خیبر پختونخوا میں ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، نوشہرہ، لوئر دیر، مالاکنڈ اور گرد و نوح میں بھی زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے۔ اس کے ساتھ آزادکشمیر کے مختلف علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے۔ زلزلے کے شدید جھٹکے کے باعث شہریوں میں خوف و ہراس پھیل گیا، لوگ استغفار اور کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں سے باہر نکل آئے۔

(جاری ہے)

ادھرلوئر دیر میں میدان خان آباد گورنمنٹ پرائمری سکول کی عمارت شدید متاثر ہوگئی، زلزلے کے شدید جھٹکوں سے سکول کی عمارت میں دراڑیں پڑگئیں اور کسی بھی وقت اس کے گرنے کا خطرہ پیدا ہوگیا۔ زلزلہ پیما مرکز کے مطابق پاکستان کے مختلف علاقوں میں محسوس کئے گئے، زلزلے کے جھٹکے کی شدت ریکٹر سکیل پر 5.9 ریکارڈ کی گئی جبکہ زلزلے کی زیرزمین گہرائی 94 کلومیٹر اور اس کا مرکز افغانستان اور تاجکستان کا بارڈر تھا۔