9 مئی کے 11 مقدمات میں 7 مزید ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم‘سماعت 26 اپریل تک ملتوی

آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی‘ عمر ایوب کی درخواست ضمانت کی سماعت بھی 24 اپریل تک ملتوی

ہفتہ 19 اپریل 2025 21:33

9 مئی کے 11 مقدمات میں 7 مزید ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم‘سماعت 26 اپریل ..
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) انسداد دہشت گردی راولپنڈی کی خصوصی عدالت نے 9 مئی کے 11 مقدمات میں 7 مزید ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کرنے کے بعد سماعت 26 اپریل تک ملتوی کردی ہے آئندہ تاریخ پر ملزمان پر فرد جرم عائد کی جائے گی عدالت نے عمر ایوب کی درخواست ضمانت کی سماعت بھی 24 اپریل تک ملتوی کردی۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز سماعت کے موقع پر عمر ایوب، کنول شوزب، زرتاج گل، عارف عباسی اور میاں عمران حیات سمیت دیگر ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کی گئیں نقول تقسیم کئے جانے والوں میں تھانہ صدر واہ، تھانہ ٹیکسلا، تھانہ سول لائن، تھانہ صادق آباد اور تھانہ سٹی میں درج مقدمات کے ملزمان شامل ہیں اس طرح ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کرنے کا عمل مکمل ہونے کے بعد ملزمان پر فرد جرم عائد کیے جانے کی کاروائی کی جائے گی یاد رہے کہ 9 مئی کے مقدمات میں تحریک انصاف کے سابق چیئرمین، سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی، خیبرپختونخوا کے وزیر اعلیٰ علی امین گنڈاپور، شبلی فراز، عمر ایوب سمیت پارٹی کی قیادت اور کارکنوں کو نامزد کیا گیا ہے گزشتہ روز سماعت کے موقع پر ملزمان کے وکلا کے علاوہ پراسیکیوشن کی جانب سے پراسیکیوٹر ظہیر شاہ عدالت میں پیش ہوئے دریں اثنا عمر ایوب کی ضمانت کی درخواست پر سماعت کے دوران عمر ایوب اور ان کے وکیل ڈاکٹر بابر اعوان عدالت میں پیش ہوئے اس موقع پر فریقین کے وکلا نے ضمانت کی بحالی کی درخواست کے قابل سماعت ہونے پر دلائل دئیے پراسیکوشن کی جانب سے عدالتی فیصلوں کی کاپیاں عدالت میں پیش کی گئیں پراسیکیوشن کا موقف تھا کہ عدم حاضری پر خارج ہونے والی ضمانت میں پہلے عدالت کو وجوہات سے آگاہ کرنا ضروری ہیں عدالت عدم حاضری کی وجوہات پر مطمئن ہو تو ہی ضمانت کی درخواست سنی جا سکتی ہے۔