۔وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا دکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار

ہفتہ 19 اپریل 2025 20:15

×کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 19 اپریل2025ء) وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے دکی میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے کی جانے والی کامیاب کارروائی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ دہشت گردی کے خلاف ریاستی ادارے پوری طرح متحرک اور پرعزم ہیں سماجی رابطے کی سائٹ ایکس سابق ٹوئٹر پر اپنے ایک پیغام میں وزیر اعلی نے سی ٹی ڈی، ایف سی اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے جوانوں کی بہادری اور پیشہ ورانہ صلاحیتوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ بلوچستان کو عدم استحکام سے دوچار کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا انہوں نے کہا کہ صوبے میں امن و امان کے قیام اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے حکومت تمام ممکنہ اقدامات کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

دہشت گردوں اور ان کے سہولت کاروں کے خلاف بلاتفریق کارروائیاں جاری رہیں گی اور امن دشمن عناصر کو کسی صورت برداشت نہیں کیا جائے گا وزیر اعلی میر سرفراز بگٹی نے کہا کہ بلوچستان میں امن و ترقی کے سفر کو ہر قیمت پر جاری رکھا جائے گا تاکہ عوام کو ایک محفوظ اور خوشحال مستقبل فراہم کیا جا سکے۔