اسلام آباد ٹریفک پولیس کا دارالحکومت میں غیر قانونی پارکنگ کیلئے کوئی رعایت نہ کرنے کا عزم

اتوار 20 اپریل 2025 17:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) اسلام آباد ٹریفک پولیس (آئی ٹی پی) نے وفاقی دارالحکومت میں غیر قانونی پارکنگ کے خلاف کوئی رعایت نہ کرنے کی پالیسی کا اعلان کرتے ہوئے ٹریفک کی روانی کو برقرار رکھنے، مربوط ٹریفک نظام کو بہتر بنانے اور ٹریفک قوانین کی سختی سے پابندی کو یقینی بنانے کے لیے خصوصی اقدامات کیے ہیں۔

آئی ٹی پی حکام کے مطابق آئی ٹی پی نے نو پارکنگ زون کی خلاف ورزی کرنے والے ڈرائیوروں اور فٹ پاتھوں پر گاڑیاں پارک کرنے والوں کے خلاف بلا امتیاز کارروائی شروع کر دی ہے۔ اسلام آباد بھر کے شاپنگ مالز، مارکیٹوں اور تجارتی مراکز میں کریک ڈاؤن تیز کرنے کے لیے ایک مخصوص سکواڈ تشکیل دے دیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ چیف ٹریفک آفیسر (سی ٹی او) کیپٹن (ر) سید ذیشان حیدر نے تمام زونل ڈی ایس پیز کو خصوصی ہدایات جاری کی ہیں کہ وہ ٹریفک قوانین پر سختی سے عمل درآمد کو یقینی بنائیں تاکہ خلاف ورزیوں میں کمی اور روڈ ڈسپلن کو برقرار رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

سی ٹی او نے افسران کو ہدایت کی کہ ٹریفک میں رکاوٹ ڈالنے والوں یا سڑکوں پر آمدورفت میں خلل ڈالنے والوں کے خلاف سخت اور موثر اقدامات کریں۔انہوں نے مزید کہا کہ شاپنگ سینٹرز کے اندر صرف مخصوص جگہوں پر پارکنگ کی اجازت ہونی چاہیے اور خلاف ورزی کرنے والوں کو بغیر کسی رعایت کے سخت کارروائی کا سامنا کرنا پڑے گا۔انہوں نے مزید کہا کہ پیدل چلنے والوں کو فٹ پاتھوں پر محفوظ طریقے سے چلنے کا حق ہے اور ان راستوں پر کسی قسم کی پارکنگ یا رکاوٹ برداشت نہیں کی جائے گی۔

انہوں نے کہا کہ تجارتی مراکز آنے والے شہریوں کو ہر ممکن سہولیات فراہم کی جائیں گی۔سی ٹی او نے شہریوں پر زور دیا ہے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پاسداری کرتے ہوئے اسلام آباد پولیس کے ساتھ تعاون کریں اور شہر میں ٹریفک کے منظم نظام کو یقینی بنانے میں اپنا کردار ادا کریں۔