سوات ،قطر چیریٹی کے زیر اہتمام یومِ یتامی منایا گیا

بچوں نے ریلی نکالی اور حکومت سے ہزاروں بے سہارابچوں کو سہارا دلانے کا مطالبہ بھی کیا

اتوار 20 اپریل 2025 18:10

سوات(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)سوات میں قطر چیریٹی کے زیرِ اہتمام سوات میں یومِ یتامی منایا گیا۔ اس موقع پر بچوں نے ریلی بھی نکالی اور حکومت سے ہزاروں بے سہارابچوں کو سہارا دلانے کا مطالبہ کیا ۔ اس حوالے سے گزشتہ روز یتیم اور بے سہارا بچوں کے ادارہ خپل کور فانڈیشن سوات میں عالمی یومِ یتامی کی مناسبت پر ایک پر وقار تقریب کا انعقاد کیاگیا۔

اس تقریب کا مقصد یتیم بچوں کی صلاحیتوں کو اجاگر کرنا، ان کے حقوق کے بارے میں شعور بیدار کرنا اور ان کے حوصلے بلند کرنا تھا۔تقریب میں مختلف سرگرمیاں پیش کی گئیں ۔جن میں قطر چیریٹی کے زیرِ کفالت بچوں کی اسٹیج پرفارمنس، ٹیبلوز، چائلڈ اس تقریب میں بچوں نے تقاریر بھی پیش کیں اور ان کے مابین پینٹنگ سمیت دیگر مقابلے بھی کرائے گئے ۔

(جاری ہے)

تقریب میں ڈسٹرکٹ آفیسر سوشل ویلفیئر ڈپارٹمنٹ سلیم زادہ ،قطرچییریٹی کے نمائندے گوہرعلی،ڈائریکٹر خپل کور فانڈیشن محمد علی سوات پریس کلب کے صدرنیاز احمد خان ،سوات یونین آف جرنلٹس کے صدر سیدشہاب الدین اورسول سوسائٹی کے افراد بھی موجود تھے ۔

مقررین نے اس موقع پر کہاکہ یہ پروگرام ہمارے ان بچوں کی پوشیدہ صلاحیتوں کا مظہر ہے۔ اگر ہم انہیں مواقع فراہم کریں گے تو یہ بچے ہر میدان میں کامیاب ہو سکتے ہیں،''قطر چیریٹی کے نمائندوں گوہرعلی اور شاہدخان نے کہا کہ یومِ یتامی ہمیں ان بچوں کے ساتھ کھڑے ہونے کی یاد دہانی کرواتا ہے۔ جب کہ یومِ مزدور قریب ہے، ہم اپنا عزم دہراتے ہیں کہ ہم چائلڈ لیبر کے خاتمے اور یتیم بچوں کے لیے تعلیم و تربیت کو یقینی بنانے کے لیے بھی کام کریں گے۔

تقریب کے دوران پینٹنگ اور دیگر مقابلوں میں کامیابی حاصل کرنے والے بچوں میں انعامات تقسیم کئے گئے ۔پروگرام کے اختتام پر بچوں نے خپل کور فانڈیشن سے سوات پریس کلب تک آگاہی ریلی نکالی۔ بچوں نے ہاتھوں میں بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے، جن پر یتیم بچوں کے حقوق، تعلیم، اور چائلڈ لیبر کے خاتمے سے متعلق پیغامات درج تھے۔

متعلقہ عنوان :