وزیر اعظم کے صوبہ سندھ میں کینالز تنازعہ سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے موثر اقدامات خوش آئند ہیں،طارق حسن

حکومت کی مربوط پالیسیوں سے ملک مضبوط ہوگا،وفاقی و صوبائی حکومتوں سے باہمی رابطوں کو مزید وسیع کرنے سے پاکستان مستحکم ہوگا،مرکزی سیکرٹری ق لیگ

اتوار 20 اپریل 2025 18:10

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)پاکستان مسلم لیگ(ق)کے نومنتخب مرکزی سیکرٹری جنرل محمد طارق حسن نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف نے صوبہ سندھ میں کینالز تنازعہ سمیت دیگر مسائل کو حل کرنے کے موثر اقدامات خوش آئند ہیں اس سلسلے میں رانا ثنا اللہ کو پیش رفت کے لئے ہدایت سے مسئلے جلد حل ہونگے۔ اس سے صوبہ سندھ کی عوام اور مختلف جماعتوں کا حکومت پر اعتماد بحال ہوگا۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار انہوں نے مسیحی برادری کو ایسٹر کے تہوار پر مبارک باد دینے کے موقع پر کیا۔ طارق حسن نے کہا کہ وزیر اعظم پاکستان میاں محمد شہباز شریف صوبہ سندھ کے درپیش مسائل ترجیح بنیادوں پر حل کرنے کے لئے حکومتی سطح پر احسن اقدام سے اچھی راہیں مزید وسیع ہونگی اور تمام معاملات افہام و تفہیم سے کرنے سے نہ صرف حکومت مضبوط ہوگی بلکہ عوام کی بھی عملی دادرسی ہوگی۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت کی مربوط پالیسیوں سے ملک مضبوط ہوگا۔ وفاقی و صوبائی حکومتوں سے باہمی رابطوں کو مزید وسیع کرنے سے پاکستان مستحکم ہوگا۔