علامہ اقبال کا فلسفہ خودی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے،انجینئر عبدالحکیم ملک

اتوار 20 اپریل 2025 18:30

ملتان (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 20 اپریل2025ء) اسلامک سکالر و مینجنگ ڈائریکٹر اسلامک ریسرچ فاو نڈیشن گلوبل انجینئر عبد الحکیم ملک نے کہا ہے کہ علامہ اقبال کا فلسفہ خودی ہم سب کیلئے مشعل راہ ہے،پاکستان علامہ اقبال کی دوراندیشی اور خواب کی بدولت معرض وجود میں آیا،علامہ اقبال برصغیر کے مسلمانوں کا درد اپنے سینے میں محسوس کرتے تھے،علامہ اقبال کہتے تھے کہ مسلمان اپنی الگ شناخت رکھتے ہیں ،اس لیے ان کا الگ وطن ہونا چاہیے،بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح نے علامہ اقبال کے خواب کو عملی جامعہ پہنایا اور ہمیں الگ مملکت پاکستان حاصل کرکے دیا، علامہ اقبال سچے عاشق رسولﷺ تھے،قرآن پاک اور سیرت طیبہ ﷺ علامہ اقبال کی شاعری کا محور ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن ملتان اور ڈیپارٹمنٹ آف ہیومین نیوٹریشن فیکلٹی آف ہیومین نیوٹریشن اینڈ فوڈ سائنسز بہاالدین زکریا یونیورسٹی ملتان کے زیرِ اہتمام ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کے 87 ویں یوم وفات کے حوالے سے منعقدہ تین روزہ تقریبات کے دوسرے روز ڈیپارٹمنٹ آف ہیومین نیوٹریشن میں منعقدہ تقریب سے بطور مہمانِ خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب سے خطاب میں فیکلٹی آف ہیومین نیوٹریشن اینڈ فوڈ سائنسز بہا الدین زکریا یونیورسٹی ملتان پروفیسر ڈاکٹر محمد توصیف سلطان نے کہا کہ علامہ اقبال اسلامی اصولوں کی روشنی میں عہدِ جدید کے تقاضوں سے ہم آہنگ مملکت کا قیام چاہتے تھے۔اس دوران صدر ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن نعیم اقبال نعیم، ممبر ضلعی ویجی لینس اینڈ پرائس کنٹرول مجسٹریٹ کمیٹی ملتان و چیئرمین نیشنل کمیشن فار بین المذاھب ہم آہنگی و ہیومن رائٹس جنوبی پنجاب چوہدری ابرار حسین، سجادہ نشین دربار حضرت داود جہانیاں، مخدوم شعیب اکمل قریشی ہاشمی، ممتاز موٹیو یشنل سپیکر صدر ارتقاءآرگنائزیشن خواجہ مظہر نواز صدیقی، سماجی رہنما رشید عباس خان اور ڈیپارٹمنٹ آف ہیومین نیوٹریشن کے ایسوسی ایٹ پروفیسر ڈاکٹر محمد خرم افضل و دیگر کو علمی و ادبی خدمات کے اعتراف میں علامہ اقبال ادبی ایوارڈ 2025ء پیش کیے گئے۔

تقریب کی نظامت کے فرائض ینگ پاکستانیز آرگنائزیشن کے ایڈیشنل جنرل سیکرٹری علی رضا مرزا نے ادا کئے۔تقریب میں طلباءو طالبات بھی کثیر تعداد میں شریک ہوئے۔