جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطین وغزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے ریلی نکالی گئی

اتوار 20 اپریل 2025 21:30

ٹنڈوآدم(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء)جماعت اسلامی حلقہ خواتین کے تحت اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف اور فلسطین وغزہ کے مسلمانوں کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لئے مرکز جماعت اسلامی علامہ اقبال کالونی سے یکجہتی غزہ ریلی نکالی گئی جو بلدیہ چوک ، اقبال روڈ ،محمدی چوک اور دیگر اہم شاہراہوں سے ہوتی ہوئی پریس کلب پر پہنچ کر ختم ہوئی ۔

ریلی کی قیادت ناظمہ جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ سلمی شوکت ، رکن صوبائی شوری فرحت حیات ، ناظمہ ٹنڈوادم ناہید وحید نے کی۔ پریس کلب پر ریلی سے امیر جماعت اسلامی ضلع سانگھڑ رفیق منصوری ، سیکریٹری ضلع ارشد خاصخیلی ، امیر جماعت اسلامی ٹنڈوادم سیدعریف اللہ سیفی ، محمد طفیل راجپوت ، نائب امراعبدالغفور انصاری ، عبد الستار انصاری نے خطاب کیا۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تنظیم اساتذہ ضلع سانگھڑ کے صدر پروفیسر احمد بلال غوری ، پروفیسر احمد جبران غوری ، ٹنڈوآدم بار ایسوسی ایشن کے ممبر فیصل عزیز غوری ایڈوکیٹ ، سید توحید احمد شاہ ایڈوکیٹ بھی موجود تھے مقررین نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین ہمارے ایمان کا مسئلہ ہے ۔ اسرائیل غزہ میں امریکہ کی پشت پناہی پرظلم کررہاہے ۔بچوں اور خواتین کو نشانہ بنا رہا ہے۔

اسرائیل نے غزہ کو ملبہ کا۔ڈھیر بنا دیا ہے غزہ پر اسرائیل کی دہشت گردی و بربریت پر انسانی حقوق کی تنظیموں سمیت پوری دنیا خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے جو کہ انتہائی افسوس ناک عمل ہے مقررین نے کہا کہ اقوام عالم اور خصوصا مسلم حکمرانوں کو ہوش کے ناخن لینے چاہیئے۔ اسرائیل کی جارحیت کو رکوانے کے لیئے سب کو اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیئے ورنہ یہ جنگ پوری دنیا کو اپنی لپیٹ میں لے لے گی۔

جماعت کے رہنماں نے اسرائیل سے برسر پیکارحماس کی قیادت و مجاہدین کو زبردست خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا کہ حماس اور اس کے مجاہدین نے مزاحمت کی تاریخ رقم کردی ہے اور ان شااللہ وہ دن دور نہیں جب غزہ آزاد ہو گا اور اسرائیل تباہ وبرباد ہو گا ۔ مقررین نے اپنے خطاب میں حکومت پاکستان سے پرزور مطالبہ کیا کہ وہ ہوش کے ناخن لیاور غزہ میں اسرائیل کی دہشت گردی ، ظلم وزیادتی کے خاتمے کے لیئے حکومتی سطح پر اپنا بھرپور کردار ادا کرے اور سیاسی ، اخلاقی، مالی اور سفارتی سفارتی سطح پر عملی اقدامات کرے۔

جماعت کے رہنماں نے کہاکہ جماعت اسلامی اور پاکستان کی عوام مشکل اور مصیبت کی اس گھڑی میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی اور ہر سطح پر اسرائیل کی دہشت گردی کے خلاف اورغزہ کی حمایت میں آواز بلند کی جائے گی۔نیز اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ بھی کیا جائے گا ۔ ریلی میں خواتین کے علاہ چھوٹے بچوں اور بچیوں نے بھی شرکت کی۔ ریلی کے شرکا پلے کارڈز اور بینرز بھی اٹھائے ہوئے تھے جن میں اسرائیل کے خلاف اور غزہ کی حمایت میں نعرے درج تھے اس موقع پر ریلی کے شرکا نے اسرائیل کے خلاف پرجوش نعرے بھی لگائے