اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ کیا جائے ‘املاک کی توڑ پھوڑ کسی بھی طرح جائز نہیں‘اہل حدیث یوتھ فورس غزہ مارچ

ہزاروں کی تعداد میں کارکنان کی شرکت ،وزیر اعظم اسرائیلی بربریت کا معاملہ او آئی سی میں اٹھائیں ‘ مقررین

اتوار 20 اپریل 2025 22:20

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 20 اپریل2025ء) اہل حدیث یوتھ پاکستان کے زیر اہتمام فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لئے غزہ مارچ کا انعقاد کیا گیا جو بتی چوک سے ہوتا ہوا فیصل چوک پہنچ کر اختتام پذیر ہوا ۔مارچ میں صدر صدر اہلحدیث یوتھ فورس پاکستان حافظ محمد سلمان اعظم ،سیکرٹری جنرل حافظ عبد الغفور مدنی ،نائب امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث پاکستان ڈاکٹر عبد الغفور ،ممتاز مذہبی رہنما علامہ ابتسام الٰہی ظہیرسمیت دیگر نے شرکت کی ۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے پہلے بھی فلسطینی عوام کے لیے بھرپور موقف اختیار کیا، اسرائیلی بربریت کا معاملہ ایک بار پھر او آئی سی میں اٹھایا جائے،موجودہ صورت حال میں ایک بار پھر عالمی برادری کو جگایا جائے ،اسرائیلی مصنوعات کا بائیکاٹ ضروری ہے ،املاک کی توڑ پھوڑ کسی بھی طرح جائز نہیں ،اپنے لوگوں کو زدو کوب کرکے عالمی سطح پر منفی پیغام جائے گا۔ مقررین نے کہا کہ اہل فلسطین کیلئے سعودی عرب کے کردار کی تحسین کرتے ہیں، جو فلسطینی جھنڈے اٹھا سکتے ہیں اٹھائیں، سینیٹر پروفیسر ساجد میر اور ڈاکٹر حافظ عبدالکریم کی قیادت میں اسرائیل کے خلاف اور فلسطینیوں کے حق میں آواز بلند کرتے رہیں گے۔