Live Updates

جی ایچ کیو حملہ کیس ، جج کی چھٹی کے باعث سماعت ایک بار پھر ملتوی

عدالتی اہلکار کچھ دیر میں سماعت کیلئے نئی تاریخ مقرر کریں گے، تمام ملزمان کو اے ٹی سی عدالت کے جج کی چھٹی کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا

Faisal Alvi فیصل علوی پیر 21 اپریل 2025 11:30

جی ایچ کیو حملہ کیس ، جج کی چھٹی کے باعث سماعت ایک بار پھر ملتوی
راولپنڈی(اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21اپریل 2025)جی ایچ کیو حملہ کیس میں اے ٹی سی عدالت کے جج کی چھٹی کے باعث سماعت ایک بار پھر ملتوی کر دی گئی،عدالتی اہلکار کچھ دیر میں سماعت کیلئے نئی تاریخ مقرر کریں گے، بانی پی ٹی آئی عمران خان سمیت دیگر ملزمان کے خلاف جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت آج نہیں ہوگی،تمام ملزمان کو جج کی چھٹی کے بارے میں آگاہ کر دیا گیا۔

بتایا گیا تھا کہ انسداد دہشت گردی عدالت کے جج امجد علی شاہ نے کیس کی سماعت کرنا تھی، جس میں دو اہم گواہان، مجسٹریٹ مجتبیٰ اور سب انسپکٹر ریاض کو پانچویں بار طلب کیا گیا تھا۔جج کی چھٹی کے باعث عدالت کے باہر سے پولیس کی نفری بھی واپس بھیج دی گئی جبکہ عدالت پیش ہونے والے ملزمان کو حاضری لگا کر جانے کی اجازت دی گئی۔

(جاری ہے)

مقدمہ میں 119 گواہان میں سے صرف 25 کے بیانات ریکارڈ ہو سکے ہیں جبکہ جرح کا عمل ابھی تک مکمل نہیں ہو سکا۔

جی ایچ کیو حملہ کیس دو ماہ سے التواءکا شکار ہے ۔خیال رہے کہ گزشتہ سماعت پر انسداد دہشتگردی عدالت میں سرکار ی گواہ پیش نہ ہونے پر سماعت ملتوی کر دی گئی تھی۔عدالت نے 2 گواہوں مجسٹریٹ اور مدعی مقدمہ کو طلب کررکھا تھا۔سماعت کے موقع پر عدالت میں پیش ہونے والے ملزمان حاضری لگوا کر عدالت کی اجازت سے واپس روانہ ہو گئے تھے۔عدالت نے 2 سرکاری گواہان مجسٹریٹ مجتبی الحسن اور سب انسپکٹر ریاض کو 5 ویں بار طلب کیا تھا۔

عدالت کے جج امجد علی شاہ کے روبرو ہونے والی سماعت کے دوران استغاثہ کے گواہان پیش نہیں ہو سکے تھے۔ دوران سماعت وکلائے صفائی نے عدالت سے استدعا کی کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان سے مشاورت کیلئے ملاقات کی اجازت دی جائے تاکہ کیس سے متعلق ان سے مزید رہنمائی لی جا سکے۔ بعدازاں انسداد دہشتگردی کی خصوصی عدالت نے جی ایچ کیو حملہ کیس کی سماعت 21 اپریل تک ملتوی کردی تھی۔ قبل ازیں بھی تھانہ سٹی اور تھانہ وارث خان کے 9 مئی کے مقدمات میں ملزمان میں چالان کی نقول تقسیم کرنے کے بعد سماعت ملتوی کر دی تھی۔
Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات