رائس ایکسپورٹرزکاٹرانسپورٹرز کی ملک گیر ہڑتالوں اور سڑکوں کی بندش کے باعث ہونے والے نقصانات پر شدید تشویش کااظہار

پیر 21 اپریل 2025 18:52

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)رائس ایکسپورٹرز ایسو سی ایشن آف پاکستان (REAP)نے ملک بھر میں جاری ہڑتالوں اور سڑکوں کی بندش پر شدید تحفظات کا اظہار کیا ہے، جن کی وجہ سے غذائی اشیاء کی نقل و حمل میں شدید خلل پیدا ہوا ہے اور خصوصاًً چاول کے برآمدکنندگان کو بھاری مالی نقصانات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔REAPکے سینئر وائس چیئرمین محمد جاوید جیلانی نے تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ سامان کو وقت پر بندرگاہوں تک پہنچانے میں ناکامی کے باعث برآمدات میں تاخیر، آرڈرز کی منسوخی اور بین الاقوامی خریداروں کی جانب سے جرمانے جیسے سنگین مسائل پیدا ہوتے ہیں۔

اس صورتحال نے برآمدکنندگان کو سخت بحران میں ڈال دیا ہے جو پہلے ہی عالمی معاشی حالات کے چیلنجز سے دوچار ہیں۔

(جاری ہے)

خاص طور پر چاو ل کی بر آمدات کو بین الاقوامی مارکیٹ میں ویسے ہی شدید مقابلے کا سامنا ہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ ہڑتالیں اور سڑکوں کی بندش نہ صرف ملکی تجارت کو مفلوج کر رہی ہیں بلکہ ہماری عالمی ساکھ کو بھی نقصان پہنچا رہی ہیں۔

انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ یہ ایک سیاسی معاملہ ہے اس کو سیاسی طریقے سے ہی حل ہونا چاہیئے اور فوری طور پر مذاکرات کے ذریعے اس بحران کے حل کے لیے اقدامات کئے جائیں ۔ حالات کو معمول پر لانا، سپلائی چین کی بحالی بین الاقوامی منڈی میں اعتماد کی بحالی وقت کی اہم ضرورت ہے۔ہم پرامن احتجاج کے حق کو تسلیم کرتے ہیں، لیکن یہ ملکی معیشت کو مفلوج کر دینے کی قیمت پر نہیں ہونا چاہیے انہوں نے حکومت سے درخواست کرتے ہوئے کہا کہ تجارتی نقل و حمل کے لیے محفوظ اور کھلے راستے یقینی بنائے جائیں اور برآمدکنندگان کو فوری ریلیف فراہم کیا جائے۔