سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں میں لگائے گئے کیمروں کوآرٹیفیشل انٹلیجنس سافٹ وئیر کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے،ایس ایس پی نواب شاہ

پولیس نے منشیات فروشی کے خاتمے سمیت لوٹ مار اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کیخلاف خاصے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں،غلام شبیرسیٹھار

پیر 21 اپریل 2025 18:52

نواب شاہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)سینئر سپریٹنڈینٹ آف پولیس شہید بینظیرآباد غلام شبیر سیٹھار نے نواب شاہ پریس کلب میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ ضلع میں جرائم پیشہ عناصر کی سرکوبی کیلیے سیف سٹی پروجیکٹ کے تحت شہر میں میں لگائے گئے کیمروں کوآرٹیفیشل انٹیلیجنس سافٹ وئیر کے ساتھ منسلک کیا جارہا ہے جس سے جرائم کو کنٹرول کرنے کیساتھ ساتھ جرائم پیشہ عناصر کا گھیرا تنگ کرنے میں مدد ملے گی۔

ایس ایس پی نے کہا کہ ضلع بھر میں تنصیب شدہ سی سی ٹی وی کیمروں کی مینٹیننس اور مزید کیمروں کی تنصیب کیلیے فوری طور پر اقدامات کو ترجیح دی جارہی ہے انہوں نے کہا کہ سندھ پولیس نے منشیات فروشی کے خاتمے سمیت لوٹ مار اور رہزنی کی وارداتوں میں ملوث جرائم پیشہ عناصر کیخلاف خاصے مثبت نتائج حاصل کیے ہیں ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ضلع کے تمام پولیس اسٹیشنوں کی کارکردگی کو مانیٹر کرنے کیلیے جامع حکمت عملی طے کی گئی ہے اور تھانوں کو براہ راست کمانڈ سسٹم کے تحت متحرک رکھا جائے گاانہوں نے مزید کہا کہ امن و امن کی صورتحال بہتر بنانے کیلیے تجارتی مراکز،ٹرانسپورٹ اڈوں مصروف مقامات ،مساجد ،امام بارگاہوں،پارکوں،اقلیتی مذہبی مقامات پر بھی سیکیورٹی کے موثر اقدامات کیے گئے ہیں اور قابل افسران کی مشاورت سے امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کی ضرورت پر اقدامات کیے گئے ہیں انہوں نے کہا کہ صحافی معاشرے کی آنکھ ہیں اس لیے ہر صحافی پولیس کیساتھ جرائم پیشہ عناصر کیخلاف اقدامات میں پولیس کا ساتھ دیں ۔

ایس ایس پی غلام شبیر سیٹھار نے ایک سوال کے جواب میں آرگنائزڈ کرائم کی روک تھام کیلیے ترجیحی بنیادوں پر پیش قدمی کا عندیہ دیا ہے اس موقعہ پر پریس کلب انتظامیہ کی جانب سے ایس ایس پی غلام شبیرسیٹھار کو پھولوں کا گلدستہ پیش کیا۔