فضل الرحمن کی حافظ نعیم کو مینار پاکستان میں اسرائیل مخالف مارچ میں شرکت کی دعوت

ملاقات میں دونوں رہنمائوں کا مظلوم فلسطینیوں کے حق میں متحد ہوکر آواز اٹھانے کا عزم

پیر 21 اپریل 2025 18:59

فضل الرحمن کی حافظ نعیم کو مینار پاکستان میں اسرائیل مخالف مارچ میں ..
لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)جمعیت علما ئے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن سے منصورہ میں ملاقات کر کے انہیں 27 اپریل کو مینار پاکستان میں منعقد ہونے والے اسرائیل مخالف مارچ میں شرکت کی دعوت دی۔ترجمان جماعت اسلامی کے مطابق حافظ نعیم الرحمن سے ملاقات کے لیے مولانا فضل الرحمن منصورہ پہنچے تو حافظ نعیم الرحمن اور لیاقت بلوچ سمیت جماعت کے دیگر قائدین نے ان کا استقبال کیا۔

(جاری ہے)

ملاقات میں دونوں رہنمائوں نے مظلوم فلسطینیوں کے حق میں متحد ہوکر آواز اٹھانے کا عزم کیا۔ملاقات میں جے یو آئی ف کے راشد سومرو اور مولانا امجد خان جبکہ جماعت اسلامی کے لیاقت بلوچ، مولانا جاوید قصوری وار امیر العظیم بھی موجود تھے۔ملاقات میں ملکی موجودہ سیاسی صورتحال اور غزہ کے حوالے سے بات چیت ہوئی۔ترجمان جے یو آئی (ف)کے مطابق مولانا فضل الرحمن نے جماعت اسلامی کے رہنما پروفیسر خورشید کے انتقال پر جماعت اسلامی کی قیادت سے تعزیت بھی کی ۔