آج دنیا ایک نئی فکری و تہذیبی کشمکش سے گزر رہی ہے،ان حالات میں علامہ اقبال کی تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں،ڈاکٹرفردوس عاشق اعوان

پیر 21 اپریل 2025 22:54

آج دنیا ایک نئی فکری و تہذیبی کشمکش سے گزر رہی ہے،ان حالات میں علامہ ..
سیالکوٹ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 21 اپریل2025ء) ڈاکٹر علامہ محمد اقبالؒ برصغیر کے مسلمانوں کے لیے ایک فکری انقلاب کا پیغام لے کر آئے، ان کی شاعری محض الفاظ کا مجموعہ نہیں بلکہ دلوں کو جھنجھوڑ دینے والی ایک دعوتِ بیداری ہے۔ ان خیالات کا اظہار سابق وفاقی وزیر ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے سیالکوٹ میں علامہ اقبال کے یوم وفات کے موقع پر ان کی روح کو ایصال ثواب ہے فاتحہ خوانی کرنے کے لئے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے اس موقع پر کہا کہ آج کے دن ہمیں علامہ اقبال کے افکار کو محض کتابوں اور تقریروں تک محدود رکھنے کے بجائے، انہیں اپنی قومی پالیسیوں، تعلیمی نظام، نوجوانوں کی تربیت، اور سماجی رویّوں میں عملی طور پر اپنانے کی ضرورت ہے۔

(جاری ہے)

اقبال کا خواب صرف جغرافیائی آزادی نہیں تھا، وہ ایک ایسی فلاحی، خوددار اور باوقار اسلامی ریاست کا تصور لے کر آئے تھے جو عدل، علم اور کردار کی بنیاد پر قائم ہو۔

انہوں نے کہا کہ اقبالؒ نے مسلمانانِ ہند کو اُن کی کھوئی ہوئی شناخت یاد دلائی، ان کے اندر خودداری، حریتِ فکر اور جذبۂ عمل کی ایسی روح پھونکی جس نے غلام قوم کو قیام پاکستان کے خواب تک پہنچا دیا۔ اُن کا تصورِ خودی فرد کو اپنی پہچان اور اللہ سے تعلق کی بلندی کا راستہ دکھاتا ہے۔ اس موقع پر انہوں نے مزید کہا کہ آج جب دنیا ایک نئی فکری و تہذیبی کشمکش سے گزر رہی ہے، اقبال کی تعلیمات ہمارے لیے مشعلِ راہ ہیں۔

ہمیں ایک مرتبہ پھر اپنی انفرادی اور اجتماعی سوچ میں اقبال کو زندہ کرنا ہو گا۔ اُن کا پیغام صرف ماضی کا اثاثہ نہیں، بلکہ حال اور مستقبل کا رہنما ہے۔آخر میں ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ ہمیں اقبالؒ کے فکر و فلسفے کو سمجھنے، اس پر عمل کرنے اور پاکستان کو اقبال کا حقیقی پاکستان بنانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین۔