کا شتکاروں کو گندم کی پوری قیمت نہ ملنا بہت بڑاظلم ہے،پیپلزپارٹی کاشتکاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی‘ گورنر پنجاب

کسی غریب کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا، گورنر ہائوس کے دروازے لاہور نہیںبلکہ پورے پنجاب کی عوام کیلئے کھلے ہیں‘ سردار سلیم حیدر

پیر 21 اپریل 2025 21:05

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 21 اپریل2025ء)گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی پوری قیمت نہ ملنا بہت بڑاظلم ہے۔پیپلزپارٹی کاشتکاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی۔ کسی غریب کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دوں گا۔ گورنر ہائوس کے دروازے لاہور نہیںبلکہ پورے پنجاب کی عوام کے لئے کھلے ہیں۔ یہ بات اُنہوں نے جڑانوالہ میںکسانوں اور کاشتکاروں کے ایک بڑے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔

گورنرپنجاب سردار سلیم حیدر خان نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے ہمیشہ کسانوں کاشتکاروں،مزدوروں اورپسے ہوئے طبقے کے لیے قربانیاں دیں ہیں۔اُنہوں نے کہا کہ پنجاب میں کسی غریب آدمی کے ساتھ زیادتی نہیں ہونے دیں گے۔ گورنر پنجاب نے کہا کہ گورنر ہائوس کے دروازے لاہور نہیں بلکہ پورے پنجاب کی عوام کے لئے کھلے ہیں۔

(جاری ہے)

اُنہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کاشتکاروں کی لڑائی بڑے ایوانوں میں لڑے گی اوران کا جائز حق دلا کررہے گی۔

گورنر پنجاب نے کہا کہ کاشتکاروں کو گندم کی پوری قیمت نہیں دی جاتی جو بہت بڑاظلم ہے ،اس کی مذمت کرتا ہوں۔ اُنہوں نے کہا کہ کسان پہلے ہی مہنگے بیج ،کھاد اوریگر زرعی ادویات مہنگی ہونے سے پریشان ہیں۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب میں کسان اور کاشتکار رل گیا ہے اس وقت ضرورت ہے کہ پیپلزپارٹی ان کا ساتھ دے اور کاشتکار پیپلزپارٹی کے ساتھ کھڑے ہوں۔

اُنہوں نے کہا کہ کاشتکاروں کو یقین دلاتا ہوں کہ بلاول بھٹو آپ کے پاس آکر آپ سے ملیں گے اور آپ کے حقوق کی آواز بلند کریں گے۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پنجاب کے مختلف اضلاع میں جاکر بلاول بھٹو کا پیغام پہنچا رہا ہوں۔اُنہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے کسانوں کاشتکاروں،مزدوروں اور پسے ہوئے طبقے کے لیے ہمیشہ قربانیاں دیں ہیں۔قبل ازیں، گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے جڑانوالہ میں ٹریفک حادثے میں ایک ہی خاندان کے 12 افراد کے جاں بحق ہونے والے ورثا سے ان کی رہائش گاہ پر ملاقات کی۔

گورنر پنجاب نے لواحقین سے اظہار تعزیت کی اور مرحومین کے لئے فاتحہ خوانی کی۔علاوہ ازیںگورنر پنجاب سردار سلیم حیدر خان نے پوپ فرانسس کے انتقال پرافسوس کا اظہار کیا ہے۔ اُنہوں نے کیتھولک مسیحی برادری سے تعزیت اور دلی ہمدردی کا بھی اظہار کیا۔گورنر پنجاب نے کہا کہ پوپ فرانسس نے مظلوم فلسطینیوں سمیت تمام دکھی انسانیت کے لیے آواز اٹھائی۔اُنہوں نے کہا کہ پوپ فرانسس کی دنیا میں قیام امن اور دکھی انسانیت کے لیے خدمات کو یاد رکھا جائے گا۔