پاکستان کو مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملنے والے بیرونی قرضوں کی تفصیلات سامنے آگئیں

جولائی تامارچ پاکستان کو 5ارب 50 کروڑ 75لاکھ ڈالر کی مالی معاونت ملی، موصول یہ فنڈز 19ارب 39کروڑ ڈالر کے سالانہ ہدف کا 28.40 فیصد ہیں۔ اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ پیر 21 اپریل 2025 21:58

پاکستان کو مالی سال کے پہلے 9ماہ میں ملنے والے بیرونی قرضوں کی تفصیلات ..
اسلام آباد ( اردوپوائنٹ اخبار تازہ ترین۔ آئی پی اے ۔ 21 اپریل 2025ء ) پاکستان کو مالی سال کے پہلے 9 ماہ میں ملنے والے بیرونی قرضوں کی تفصیلات سامنے آگئی ہیں۔ میڈیا کے مطابق جولائی تامارچ پاکستان کو 5 ارب 50 کروڑ 75 لاکھ ڈالر کی مالی معاونت ملی۔ دستاویز کے مطابق موصول یہ فنڈز 19 ارب 39 کروڑ ڈالر کے سالانہ ہدف کا 28.40 فیصد ہیں۔ 5ارب 37 کروڑ ڈالر کا قرضہ اور 13 کروڑ 56 لاکھ ڈالر کی گرانٹ شامل ہیں، آئی ایم ایف سے ملنے والی ایک ارب ڈالر کی پہلی اس کے علاوہ ہے۔

سعودی عرب نے 3 ارب ڈالر، یواے ای 2ارب ڈالر اور چین نے ایک ارب ڈالر قرض رول اوور کیا۔ اقتصادی امور ڈویژن کی رپورٹ میں کہا گیا کہ 9 ماہ میں پچھلے سال کے مقابلے 1.39ارب ڈالر کم فنڈز ملے۔ گزشتہ سال جولائی تا مارچ 6.89 ارب ڈالر کی بیرونی مالی معاونت تھی۔

(جاری ہے)

ابتدائی 9 ماہ میں دیگر عالمی اداروں نے 2ارب 82کروڑ 76لاکھ ڈالر فراہم کئے۔ اے ڈی بی نے ایک ارب 18کروڑ ڈالر، عالمی بینک نے 72 کروڑ ڈالر فراہم کئے۔

چین امریکا سعودی عرب فرانس سمیت مختلف ممالک نے 35کروڑ 84 لاکھ ڈالر دیئے۔ فرانس نے پاکستان کو 10کروڑ 80 لاکھ ڈالر، چین نے 9کروڑ91لاکھ ڈالر ، امریکا 4کروڑ ڈالر ، کویت 2 کروڑ44 لاکھ ڈالرجاپان کے 2 کروڑ 88 لاکھ ڈالر شامل ہیں۔ اقتصادی امور رپورٹ میں بتایا گیا کہ کمرشل بینکوں سے 56 کروڑ ڈالرز حاصل کیے گئے، نیا پاکستان سرٹیفکیٹس سے 1 ارب 45 کروڑ ڈالرز فنانسنگ حاصل کی گئی۔ فرانس سے 10 کروڑ 80 لاکھ ڈالرز، چین سے 9 کروڑ 91 لاکھ ڈالرز اور امریکا سے 4 کروڑ ڈالرز کی فنانسنگ ہوئی۔رپورٹ میں بتایا گیا کہ سعودی عرب سے 1 کروڑ 35 لاکھ ڈالرز، جاپان سے 2 کروڑ 88 لاکھ ڈالرز کی فنانسنگ ہوئی، جولائی سے مارچ 1 ہزار 533 ارب 44 کروڑروپے کا قرض حاصل کیا گیا۔